Aaj News

جمعہ, مارچ 21, 2025  
21 Ramadan 1446  

شوقین شخص نے 162 کروڑ روپے سے زائد کا کتّا خرید لیا!!! اس میں ایسا کیا خاص ہے؟

یہ شخص صرف اپنے کتوں سے 5 گھنٹے میں 10 لاکھ روپے تک کیسے کماتا ہے؟

بھارتی ریاست بنگلور کے ایک معروف ڈاگ بریڈر ”ایس ستیش“ نے تقریباً 4.4 ملین ڈالر (پاکستانی 162 کروڑ روپے سے زائد) کی خطیر رقم خرچ کرکے ایک نایاب ”وولف ڈاگ“ خریدا ہے، جس کا نام ”کڈابوم اوکامی“ رکھا گیا ہے۔ یہ کتا ایک جنگلی بھیڑیے اور کوہ قفقاز شیفرڈ (Caucasian Shepherd) کے ملاپ سے پیدا ہوا ہے اور اسے دنیا کا سب سے مہنگا وولف ڈاگ قرار دیا جا رہا ہے۔

وولف ڈاگ کی خصوصیات

اوکامی کی عمر صرف آٹھ ماہ ہے، لیکن اس کا وزن 75 کلوگرام تک پہنچ چکا ہے اور اس کی اونچائی 30 انچ ہے۔ ایس ستیش نے فروری میں ایک بروکر کے ذریعے اسے خریدا تھا۔

انہوں نے برطانوی اخبار ”دی سن“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’یہ ایک انتہائی نایاب نسل ہے اور بالکل بھیڑیے کی طرح دکھائی دیتا ہے۔ اس نسل کا کتا اس سے پہلے دنیا میں کبھی فروخت نہیں ہوا۔ اسے امریکہ میں پالا گیا تھا اور یہ واقعی غیرمعمولی ہے۔ میں منفرد کتوں کو خریدنے اور انہیں بھارت میں متعارف کروانے کا شوق رکھتا ہوں، اسی لیے میں نے اس پر 50 کروڑ بھارتی روپے خرچ کیے۔‘

کاکیشین شیفرڈز مضبوط جسمانی ساخت اور گھنے بالوں کے لیے مشہور ہیں۔ یہ کتے عام طور پر سرد علاقوں جیسے جارجیا اور روس میں پائے جاتے ہیں اور مویشیوں کو بھیڑیوں سمیت دیگر شکاری جانوروں سے بچانے کے لیے پالے جاتے ہیں۔

ایس ستیش کون ہیں؟

ایس ستیش، جو انڈین ڈاگ بریڈرز ایسوسی ایشن کے سربراہ بھی ہیں، کئی سال پہلے کتے پالنے کا کام ترک کر چکے ہیں۔ اب وہ نایاب کتوں کی نمائش کر کے اپنا گزر بسر کرتے ہیں۔ ان کے مطابق، وہ اپنے کتوں کو عوامی نمائش کے لیے پیش کرنے پر بھاری رقم کماتے ہیں۔

ستیش کا کہنا ہے کہ ایک 30 منٹ کے شو کے لیے وہ تقریباً 2.5 لاکھ روپے اور پانچ گھنٹے کے ایونٹ کے لیے 10 لاکھ روپے تک کماتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا ’میں ان کتوں پر اسی لیے پیسہ خرچ کرتا ہوں کیونکہ یہ نایاب ہیں۔ لوگ انہیں دیکھنے کے لیے ہمیشہ بے تاب رہتے ہیں، تصاویر اور سیلفیز لیتے ہیں۔ میرے کتے اور میں فلمی ستاروں سے زیادہ توجہ حاصل کرتے ہیں، ہم دونوں ہجوم کو اپنی طرف کھینچ لیتے ہیں۔‘

ستیش کے دیگر نایاب کتے

ستیش کے پاس ایک چاؤ چاؤ (Chow Chow) بھی موجود ہے، جو ایک ”ریڈ پانڈا“ کی طرح دکھائی دیتا ہے۔

ان کے تمام کتے سات ایکڑ پر مشتمل فارم ہاؤس میں رکھے گئے ہیں، جہاں ہر کتے کے لیے 20 فٹ بائی 20 فٹ کا الگ کینل بنایا گیا ہے۔ ان قیمتی کتوں کی حفاظت کے لیے 10 فٹ اونچی دیوار، 24/7 سی سی ٹی وی نگرانی اور سخت سیکیورٹی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

Wolf Dog

Rare Dog Breeds

Most Expensive Dog