Aaj News

جمعہ, مارچ 21, 2025  
21 Ramadan 1446  

بجلی 4.84 روپے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان، نیپرا نے فیصلہ محفوظ کرلیا

منظوری کی صورت میں کراچی کے صارفین کو چار ارب 69 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا
اپ ڈیٹ دن پہلے

کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4 روپے 84 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان ہے، نیپرا اتھارٹی نے کے الیکٹرک کی درخواست پر سماعت مکمل کر کے فیصلہ محفوظ کرلیا، منظوری کی صورت میں 4 ارب 69 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا۔

کے الیکٹرک کی بجلی 4 روپے 84 پیسے سستی کرنے کی درخواست پر نیپرا اتھارٹی میں سماعت ہوئی، کراچی کے صارفین بھی مہنگی بجلی خریداری میں ہاتھ ہولا رکھنے لگے گروتھ 8 فیصد کم ہو گئی ۔

دوران سماعت کے الیکٹرک حکام کی جانب سے اتھارٹی کو بتایا گیا کہ بجلی این ٹی ڈی سی اور سی پی پی اے سے خریداری کی وجہ سے بجلی کی قیمت کم پڑی جبکہ گزشتہ ماہ فرنس آئل سے بجلی پیدا ہی نہیں کی گئی۔

ممبر نیپرا رفیق احمد شیخ نے سوال کیا کہ سالانہ بنیادوں پر بجلی گروتھ میں 8 فیصد کمی ہوئی وجوہات کیا ہیں؟ جس پر کے ای حکام نے بتایا کہ درجہ حرارت کم ہونے کی وجہ سے بجلی کا استعمال کم ہوا جبکہ معاشی حالات کی وجہ سے بھی صنعتوں میں بجلی کا استعمال کم ہوااور سولر پینل بھی بجلی استعمال میں کمی کی وجہ ہے۔

کے الیکٹرک کی بجلی کی قیمت میں کمی سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران نیپرا نے کے الیکٹرک سے بجلی استعمال میں کمی کی وجوہات بارے جبکہ بجلی استعمال کم ہونے بارے مفصل رپورٹ ایک ہفتے میں اتھارٹی کو پیش کرنے کی ہدایت کر دی اور تمام ڈسکوز سے نیٹ میٹرنگ صارفین کی رقم پر سود کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔

بعدازاں نیپرا اتھارٹی نے کے الیکٹرک کی عوامی سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا جو بعد میں جاری کیا جائے گا۔

کے الیکٹرک نے جنوری کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 4 روپے 84 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی جس کی منظوری پر کے الیکٹرک کے صارفین کو 4 ارب 69 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا۔

واضح رہے کہ 13 مارچ کو نیپرا میں درخواست جمع کرائے جانے کے بعد کے الیکٹرک کے ترجمان نے بیان میں کہا تھا کہ مسلسل پانچویں بار ایف سی اے کے تحت کےالیکٹرک صارفین کو فائدہ پہنچا رہا ہے، نیپرا جانچ پڑتال اور منظوری کے بعد صارفین کے بلوں پر اطلاق کیا جاتا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتیں کم ہونے پر صارفین اپنے بلوں میں کمی کافائدہ بھی اُٹھاتے ہیں۔

nepra

K Electric

electricity price

National Electric Power Regulatory Authority