فیروز پور روڈ بائیکرز لین کے اخراجات کی تفصیلات کیلئے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار
لاہور ہائیکورٹ میں فیروزپور روڈ پر قائم بائیکرز لین کے اخراجات کی تفصیلات سے متعلق درخواست پر عدالت نے اعتراضی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں فیروز پور روڈ بائیکرز لین کے اخراجات کی تفصیلات کے لیے درخواست پر سماعت ہوئی۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے درخواست ناقابل سماعت قراردیتے ہوئے مسترد کردی اور کہا کہ اس طرح بے بنیاد درخواستوں کو دائر کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ عالیہ نیلم نے درخواست پر سماعت کی، سماعت کے دوران انھوں نے درخواست گزار سے کہا کہ کیوں نہ عدالت کا وقت ضائع کرنے پر آپ کو 50 ہزار جرمانہ کیا جائے۔
ہائیکورٹ آفس نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض عائد کیا۔
درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ سڑکوں پر حادثات روکنے کیلئے بائیکرز گرین لین کا منصوبہ بنایا گیا، سڑک پر بائیکرز لین بنانے کیلئے بھاری پبلک فنڈز خرچ کئے گئے، پہلی بارش سے بائیکرز گرین لین کا پینٹ دھل گیا۔