پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں مثبت رحجان، 100 انڈیکس تاریخ کی بلندیوں کو چھو گیا
کراچی؛ پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی کا رجحان دیکھنے کو ملا، جہاں 100 انڈیکس میں 1400 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں آج مثبت رجحان رہا، سرمایہ کاروں کی جانب سے شیئرز کی خریداری کے باعث کاروبار کے دوران 100 انڈیکس میں 1400 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 100 انڈیکس 1 لاکھ 19ہزار 4 سو کا سنگ میل عبور کر گیا، جو کہ ایک مثبت اشارہ ہے کہ مارکیٹ میں استحکام اور ترقی کی جانب گامزن ہے۔
معمولی پرافٹ ٹیکنگ کے بعد 100 انڈیکس 795 پوائنٹس اضافے سے 1لاکھ 18 ہزار سات سو انہتر پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں حالیہ تیزی سرمایہ کاری کے لحاظ سے خوش آئند ہے اور یہ ایک اہم اقتصادی اشارہ ہے کہ پاکستانی معیشت کی بنیاد مضبوط ہو رہی ہے۔
وزیراعظم کااسٹاک ایکسچینج کی تاریخی بلندی پراظہاراطمینان
وزیراعظم نے اسٹاک ایکسچینج کی تاریخی بلندی پراظہاراطمینان کرتے ہوئے کہا کہ کاروبارکی مثبت سمت سرمایہ کاروں کے اعتماد کا اظہار ہے، بہترمعاشی اعشاریے حکومت کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ممکن ہوئے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر تمام تر سہولیات فراہم کر رہی ہے۔