Aaj News

جمعہ, مارچ 21, 2025  
20 Ramadan 1446  

جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد انتقال کرگئے

حافظ حسین احمد گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے، ان کی تدفین کل کوئٹہ میں ہوگی
شائع دن پہلے

جمیعت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی رہنما اور سابق سینیٹر حافظ حسین احمد کوئٹہ میں انتقال کرگئے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق سینئر سیاستدان حافظ حسین احمد گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے، ان کی تدفین کل کوئٹہ میں ہوگی۔

سینئرسیاستدان حافظ حسین احمد کا تعلق جمعیت علمائے اسلام سے تھا، ان کا شمار مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا، حافظ حسین احمد سابق رکن قومی اسمبلی اور سابق سینیٹر رہے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پیج پر حافظ حسین احمد کے انتقال کی تصدیق کی گئی ہے۔

![]()

واضح رہے کہ دسمبر 2022 میں اختلافات ختم کر کے حافظ حسین احمد دوبارہ جمعیت علمائے اسلام (ف) میں شامل ہو گئے تھے۔

مولانا فضل الرحمان کا حافظ حسین احمد کی وفات پر اظہار افسوس

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سینئر سیاستدان اور جے یو آئی رہنما حافظ حسین احمد کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سابق سینیٹر حافظ حسین احمد کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ حافظ حسین احمد کی وفات سے حسین یادوں کا ایک باب ختم ہوگیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جوانی سے بڑھاپے تک ایک ہی کاز کے لیے ایک ہی پلیٹ فارم سے جدوجہد کی یادیں ہمیشہ یاد رہیں گی۔ انہوں نے حافظ حسین احمد کو ایک زیرک، حاضر جواب، نکتہ داں، سیاسی، نظریاتی اور پارلیمانی رہنماء قرار دیا۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ کریم حافظ صاحب کی سیئات سے درگزر فرما کر ان کی خدمات کو قبول فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کریم کی بابرکت ساعات میں اللہ کریم کے حضور پیش ہونا یقینا حافظ صاحب کے بلندی درجات کا سبب بنے گا۔

سربراہ جے یو آئی نے حافظ حسین احمد مرحوم کے فرزندان، اہل خانہ، متعلقین اور جے یو آئی کارکنوں سے اظہار تعزیت کیا اور اہل مدارس، کارکنان اور رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ اپنی دعاؤں میں حافظ صاحب کو یاد رکھیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں وہ اہل خانہ کے ساتھ برابر کے شریک ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ کریم اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

JUIF

Molana Fazal ur Rehman

jamiat ulema e islam

Former Senator Hafiz Hussain Ahmed

Hafiz Hussain Ahmed