Aaj News

جمعہ, مارچ 21, 2025  
20 Ramadan 1446  

دہشتگردوں کا پاک آرمی کے جوان کو پکڑنے کیلئے گھر پر حملہ، عوام نے بھاگنے پر مجبور کردیا

مساجد میں اعلانات کے باعث سیکڑوں افراد گھروں سے نکل آئے
اپ ڈیٹ دن پہلے

وادی تیراہ میں دہشت گردوں نے چھٹی پر آئے پاک آرمی کے جوان کو پکڑنے کیلئے ان کے گھر پر حملہ کردیا، تاہم، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق عوام نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سخت مزاحمت کی اور جوان کو تحویل میں دینے سے انکار کرتے ہوئے دہشت گردوں کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق وادی تیراہ کے علاقہ برقمبرخیل ولی خیل میں کل شام کو دہشت گردوں نے پاک آرمی کے جوان کے گھر پر دھاوا بول دیا اور انہیں زبردستی اٹھا کر ساتھ لے جانے کی کوشش کی۔

اسی اثناء میں زبردستی گھر کے اندر گھسنے والے دہشت گردوں نے خواتین پر فائرنگ بھی کردی، لیکن فائرنگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اس دوران مساجد میں اعلانات شروع ہوئے اور مقامی قبائل نے سخت مزاحمت اختیار کرتے ہوئے بہادری کا مظاہرہ کیا اور پاک آرمی کے جوان نور سلیم ولد خلوت کی حوالگی سے انکار کرتے ہوئے دہشت گردوں کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔

ذرائع کے مطابق مسلح دہشت گرد پاک آرمی کے جوان کو زبردستی اٹھا کر نامعلوم مقام منتقل کرنا چاہتے تھے، تاہم، مساجد میں اعلانات کے باعث سیکڑوں عوام گھروں سے نکل آئے اور جوان کو دہشت گردوں کی تحویل میں دینے سے سختی سے انکار کرتے ہوئے محفوظ مقام منتقل کردیا۔

پاک آرمی جوان نور سلیم کی ڈیوٹی 7 بلوچ یونٹ میں ہے اور اس وقت بلوچستان کے ضلع آوران میں فرائضی منصبی سرانجام دے رہے ہیں۔

pakistan army

terrorist attack