منشیات کے گندے دھندے کیخلاف ایکشن، کراچی سے بین الاقوامی گروہ کا منشیات فروش گرفتار
کراچی ڈیفنس سے بین الاقوامی گروہ کا منشیات فروش گرفتارکر لیا گیا۔ ملزم کوئٹہ سے آئس کو تھیلی اور کیپسول میں رکھ کر جسم کے مختلف حصوں میں چھپاتا تھا۔ گرفتار ملزم کی جانب سے ہوش اڑا دینے والے انکشافات آج نیوز سامنے لے آیا، ملزم آئس نامی منشیات کی کیپسول بنانے کا ماہر تھا۔
آج نیوز نے ملزم کو ڈھونڈ نکالا جو خود منشیات کی اسمگلنگ کرتا ہے۔ منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن میں ساؤتھ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے منشیات کا بین الاقوامی اسمگلر ڈیفنس پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ملزم آئس نامی منشیات کی کیپسول بنانے کا ماہر تھا۔
گرفتار ملزم نے دوران تفتیش اپنے تمام راز اگل دیے۔ پولیس کے مطابق ملزم سعودی عرب، قطر، تھائی لینڈ اور ملائیشیا میں منشیات اسمگل کرتا تھا۔
اے ایس پی ڈیفنس منیشا روپیتہ کہتی ہیں ملزم دیگر ساتھیوں کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم آئس کیپسول تیار کرتا تھا، جنہیں چھوٹے کیپسول میں پیٹ میں چھپایا جاتا تھا، جبکہ بڑے کیپسول کو جسم کے اندرونی حصوں میں چھپایا جاتا تھا۔
ملزم نے مزید انکشاف کیا کہ آئس کی خریداری کوئٹہ سے کی جاتی تھی اور وہ اسے 300 روپے فی گرام کے حساب سے خرید کر بیرون ملک 3000 روپے فی گرام کے حساب سے فروخت کرتا تھا۔ گرفتار ملزم نے بتایا کہ ایک وقت میں 400 گرام منشیات اسمگل کی جاتی تھی۔
Comments are closed on this story.