بلوچستان میں یوم پاکستان سپورٹس فیسٹیول کے تحت کھیلوں کے مقابلے جاری
محکمہ کھیل حکومت بلوچستان کے زیراہتمام یوم پاکستان کی مناسبت سے صوبے بھر میں جاری سپورٹس فیسٹیول کے تحت مختلف کھیلوں کے مقابلے جاری ہیں۔ ان میں فٹسال، ووشو اور باسکٹ بال کے ٹورنامنٹس بھی شامل ہیں، جن کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے۔
فٹسال ٹورنامنٹ کا افتتاح کوئٹہ کے سیٹلائٹ ٹاؤن کیو ڈی اے گراؤنڈ میں ہوا، جہاں مہمان خصوصی پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن اسمبلی پارلیمانی سیکرٹری لیاقت علی لہڑی تھے۔ باسکٹ بال کے مقابلے پاکستان سپورٹس بورڈ کوئٹہ سینٹر میں شروع ہوئے، جن کا افتتاح بلوچستان اولمپک ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری شیر محمد ترین نے کیا، جبکہ ووشو کے مقابلے ایوب سپورٹس کمپلیکس مارشل آرٹس جمنازیم میں جاری ہیں۔
باسکٹ بال کے مقابلوں میں کوئٹہ کی چھ ٹیموں نے شرکت کی، جبکہ ووشو میں سات مختلف ویٹ کیٹیگریز میں 35 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ فٹسال ٹورنامنٹ کے افتتاح کے موقع پر آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبران عبدالباقی اور محمد صادق سمیت تماشائیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کو کھلاڑیوں سے خصوصی تعارف کرایا گیا۔
لیاقت علی لہڑی نے سپورٹس جرنلسٹس سے گفتگو میں کہا کہ 23 مارچ یوم پاکستان کی مناسبت سے سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد خوش آئند ہے، جس سے کھلاڑیوں کو کھیلنے کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان حکومت کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کے لیے سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے اور آئندہ مالی سال میں کیو ڈی اے گراؤنڈ میں مصنوعی گراس لگانے کا منصوبہ پی ایس ڈی میں شامل کیا جائے گا۔
لیاقت علی لہڑی نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کے باوجود تماشائیوں کی بڑی تعداد کا کھیلوں میں دلچسپی لینا حوصلہ افزا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کیا جائے گا تاکہ وہ منشیات جیسی لعنت سے بچ سکیں اور کھیلوں میں حصہ لے کر ملک اور صوبے کا نام روشن کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کے لیے مزید کھیل کے میدان تعمیر کیے جائیں گے۔
فٹسال ٹورنامنٹ 22 مارچ تک جاری رہے گا جبکہ ووشو کے فائنل مقابلے آج ایوب سپورٹس کمپلیکس میں مارشل آرٹس جمنازیم میں ہوں گے۔