نہ عامر نہ شاہین اور نہ ہی کمنز، ویرات کوہلی کو سب سے مشکل بولر کون سا لگا؟
بھارتی کرکٹ کے سپر اسٹار ویرات کوہلی دنیا کے بہترین بیٹرز میں شمار ہوتے ہیں، جو تینوں فارمیٹس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔ اپنے جاندار اسٹروکس سے کئی یادگار فتوحات دلانے والے کوہلی سے جب ایک انٹرویو میں پوچھا گیا کہ ان کے کریئر میں سب سے مشکل بولر کون رہا؟ تو ان کا جواب حیران کن تھا۔
ویرات کوہلی نے نہ تو کسی بین الاقوامی لیجنڈ بولر جیسے محمد عامر، شاہین شاہ آفریدی، جیمز اینڈرسن یا پیٹ کمنز کا ذکر کیا بلکہ ایک بھارتی فاسٹ بولر کو سب سے مشکل حریف قرار دیا۔
رائل چیلنجرز بنگلور کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو میں ویرات کوہلی نے انکشاف کیا کہ جسپریت بمراہ وہ بولر ہیں جن کا سامنا کرتے ہوئے انہیں ہمیشہ چیلنج درپیش رہا۔
ویرات کوہلی نے کہا کہ بمراہ کے خلاف بیٹنگ ہمیشہ ایک مشکل امتحان ہوتا ہے، چاہے وہ آئی پی ایل کے میچ ہوں یا نیٹ پریکٹس۔ کوہلی کے مطابق، ہر گیند ایک نیا چیلنج پیش کرتی ہے اور ان کا سامنا کرنا نہ صرف سخت بلکہ ایک دلچسپ تجربہ بھی ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ جسپریت بمراہ آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز کی نمائندگی کرتے ہیں اور انہوں نے آئی پی ایل میں اپنے ڈیبیو میچ میں ہی اپنی پہلی وکٹ ویرات کوہلی کی حاصل کی تھی۔