سندھ میں عید الفطر پر اضافی کرایہ وصول کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم
سینئر صوبائی وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے عید الفطر 2025 پر اضافی کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔
سندھ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے، ٹرانسپورٹ حکام کو کرایہ کنٹرول کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے۔
عید کے موقع پر زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ ڈی آئی جی ٹریفک اور کمشنرز کو غیر قانونی کرایہ بڑھانے والوں کے خلاف فوری ایکشن کی ہدایات کردی گئی۔
سینئروزیر سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ عید کے موقع پرعوام کو اضافی مالی بوجھ سے بچانے کے لیے سندھ حکومت ہرممکن اقدامات کر رہی ہے، زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، اور کسی کو عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹروں کی من مانی بند ہوگی، اضافی کرایہ لینے والوں پر جرمانے اور قانونی کارروائی ہوگی، ٹرانسپورٹ مالکان کو متعین کردہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ اگر کسی ٹرانسپورٹر کی جانب سے زائد کرایہ وصول کیا جا رہا ہو تو عوام فوری طور پر شکایت درج کرائیں۔
واضح رہے کہ سندھ بھر میں بس اڈوں اور ٹرمینلز پر چیکنگ کی جارہی ہے، زائد کرایہ لینے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کی احکامات دیے گئے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ کا کہنا ہے کہ زائد کرایہ وصولی کی شکایات واٹس ایپ 0300-3495375 پر درج کرائیں، عوام زائد کرایوں کی شکایات secretarytransportsindh@gmail.com پر بھیج سکتے ہیں۔
Comments are closed on this story.