دہشتگردی کے واقعات کو سیاسی رنگ دینے والے قابل نفرت ہیں، عظمیٰ بخاری
وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات کو سیاسی رنگ دینے والے قابل نفرت ہیں، بنوں دھماکے میں افغان دہشت گرد ملوث تھے۔ سوشل میڈیا بریگیڈ نے جعفرایکسپریس حملے کے بعد جعلی ویڈیوز کے ساتھ زہر اگلا۔
وزیراطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ جعفر ایکسپریس سمیت دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتی ہوں، سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ دہشت گردی کی اس لہر کا پاک فوج ڈٹ کرمقابلہ کر رہی ہے، پاک فوج نے بہترین انداز میں جعفرایکسپریس آپرشن مکمل کیا، دہشت گردی کے واقعات کو سیاسی رنگ دینے والے قابل نفرت ہیں۔
وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ سوشل میڈٰیا پر کام کرنیوالے عناصر غیر ملکیوں کےآلہ کار ہیں، سوشل میڈیا بریگیڈ نے جعفرایکسپریس کے حوالے سے پہلے ہی تیاری کررکھی تھی، جعلی ویڈیوز کےساتھ تجزیہ نگار مختلف فورمز پر زہراگل رہے تھے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بیرون ملک بیٹھے پی ٹی آئی کے بھگوڑے پاکستان کے خلاف زہرافشانی کر رہے ہیں، پی ٹی آئی کے بھگوڑے سوشل میڈیا پر دہشت گردی کی لہر پر جشن منا رہے ہیں، خیبرپختونخوا میں امن اومان کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے۔
انھوں نے کہا کہ بنوں دھماکے میں افغان دہشت گرد ملوث تھے، دہشت گردوں کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کس بنیاد پر افغانیوں کو شہریت دینے کی بات کر رہے ہیں، ہمارے ملک میں دہشت گردی کیلئے افغان سرزمین استعمال ہو رہی ہے۔
معاون خصوصی سلمیٰ بٹ
اس موقع پرمعاون خصوصی سلمیٰ بٹ نے کہا کہ کم آمدن والے طبقے کو رمضان میں زیادہ ریلیف دیا گیا، آلو اور پیاز کی قیمتوں کو کنٹرول کیا گیا، شفاف طریقے سے رمضان پیکج کی تقسیم ہوئی ہے، مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا، 21 لاکھ لوگ برانچ لیس طریقے سے رقوم حاصل کرچکے ہیں۔
Comments are closed on this story.