روسی انفلوئسنر کا مرسیڈیز میں بیٹھ کر دفن ہونے کا خطرناک چینلج، صارفین حیران
سوشل میڈیا کی دنیا میں شہرت حاصل کرنے کے لیے لوگ آئے دن نت نئے، بلکہ بعض اوقات خطرناک اور غیرمعمولی اقدامات کرتے رہتے ہیں۔ اسی دوڑ میں روسی انفلوئنسر ’ایوگینی چیبوٹاریو‘ نے ایک ایسا حیران کن اسٹنٹ کیا جس نے دنیا بھر کے صارفین کو دنگ کر دیا۔
یہ حیران کن ویڈیو، جو اب تک 100 ملین سے زائد بار دیکھی جا چکی ہے، اس لمحے کو قید کرتی ہے جب ایوگینی اپنی مرسڈیز گاڑی سمیت خود کو قبر میں دفن کرنے کا خطرناک چیلنج مکمل کرتا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ ایک پہلے سے کھودی گئی قبر میں اپنی گاڑی چلاتا ہے اور باہر نکلنے کے بجائے، اندر ہی بیٹھا رہتا ہے۔ اس کے بعد وہاں موجود لوگ گاڑی پر مٹی ڈالنا شروع کر دیتے ہیں، یہاں تک کہ ایک جے سی بی ایکسکویٹر کی مدد سے اسے مکمل طور پر زمین کے نیچے دفن کر دیا جاتا ہے۔
اس خوفناک منظر کے باوجود، ایوگینی بالکل پرسکون نظر آتا ہے، حتیٰ کہ وہ کیمرے کی طرف دیکھ کر ہنستا اور ایک بوتل دکھاتا ہے، جو شاید اس نے اس’تجربے’ کے دوران خود کو تفریح فراہم کرنے کے لیے ساتھ رکھی تھی۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ وہ سانس لینے میں کسی مشکل کا اظہار نہیں کرتا، اور نہ ہی خوفزدہ دکھائی دیتا ہے۔
اسٹنٹ کے شہنشاہ ٹام کروز کا دل دہلا دینے والا کرتب وائرل
صارفین کی شدید تنقید
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد لوگوں میں شدید غصے، حیرانی اور تشویش کی لہر دوڑا گئی۔ کچھ صارفین نے اسے بے وقوفانہ اور خطرناک عمل قرار دیا، جبکہ کچھ نے یہ سوال اٹھایا کہ آخر وہ زمین کے نیچے سانس کیسے لے رہا تھا؟ کچھ افراد نے خدشہ ظاہر کیا کہ یہ اسٹنٹ کسی بھی وقت جان لیوا ثابت ہو سکتا تھا۔
ایوگینی کا انسٹاگرام اکاؤنٹ اس طرح کے خطرناک اسٹنٹس سے بھرا ہوا ہے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر شہرت حاصل کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے۔ لیکن یہ تازہ ترین اسٹنٹ لوگوں میں ایک نئی بحث چھیڑ چکا ہے: کیا شہرت کے لیے اپنی زندگی کو داؤ پر لگانا واقعی سمجھداری ہے؟
سوشل میڈیا کے خطرناک رجحانات
یہ واقعہ سوشل میڈیا کی موجودہ صورتحال پر بھی ایک سنجیدہ سوالیہ نشان چھوڑتا ہے، جہاں لوگ مزید فالوورز، ویوز اور لائکس کے لیے حد سے گزرنے کو تیار ہیں۔ انفلوئنسرز کی یہ دوڑ نہ صرف انہیں خطرے میں ڈالتی ہے، بلکہ کئی نوجوان مداحوں کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے جو انہیں دیکھ کر متاثر ہو سکتے ہیں۔
بھارتی اداکار و گلوکار گرو رندھاوا فلم کیلئے اسٹنٹ کرتے ہوئے زخمی، اسپتال منتقل
ایوگینی چیبوٹاریو کے اس اسٹنٹ پر ابھی تک کوئی قانونی کارروائی سامنے نہیں آئی، لیکن یہ واقعہ ضرور سوشل میڈیا کے منفی اثرات پر سوچنے پر مجبور کرتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا ہمیں شہرت کے جنون میں اپنی عقل اور زندگی کو خطرے میں ڈال دینا چاہیے؟ یا پھر وقت آ گیا ہے کہ ایسے خطرناک رجحانات پر قابو پایا جائے۔