Aaj News

ہفتہ, مئ 10, 2025  
12 Dhul-Qadah 1446  

بولان کے علاقے منجھو ڈیم پر مسلح افراد کا حملہ، 7 مزدور اغوا

کوئٹہ میں کیچی بیگ تھانے پر حملہ، خضدار میں قومی شاہراہ پر تعمیراتی پراجیکٹ پر حملہ
شائع 14 مارچ 2025 08:31am
فائل فوٹو
فائل فوٹو

سانحہ جعفر ایکسپریس کے بعد دہشت گردوں کی جانب سے بولان، کوئٹہ اور خضدار میں گھناؤنی کارروائیاں کی گئیں، بولان کے علاقے سے گزشتہ شب 7 مزدوروں کو اغوا کرلیا گیا جبکہ کوئٹہ میں کیچی بیگ تھانے پر نامعلوم شرپسندوں نے دستی بم سے حملہ کردیا اور تھانے کے احاطے میں کھڑی گاڑی میں آگ لگ گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، اسی طرح خضدار میں قومی شاہراہ پر تعمیراتی پراجیکٹ پر نامعلوم افراد نے پیٹرول چھڑک کر متعدد گاڑیوں اور مشینری کو آگ لگادی۔

بلوچستان میں سانحہ جعفرایکسپریس کے بعد دہشت گردوں کی ایک اور گھناؤنی کارروائی سامنے آئی ہے۔ لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ سبی کے قریب بولان کے علاقے شوران سے چار کلومیٹر دور منجھو ڈیم پرمسلح افراد نے حملہ کر دیا۔

لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد مسلح ملزمان 7 مزدوروں کو اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئے۔ تمام افراد مقامی ہیں۔

لیویز ذرائع نے بتایا کہ مسلح افراد کے حملے میں ایک ڈمپرنذرآتش، 2 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی لیویز فورس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوع پر پہنچ گئے، تحقییقات شروع کر دی۔

کوئٹہ میں شرپسندوں کا دستی بم حملہ

کوئٹہ میں کیچی بیگ تھانے پر نامعلوم شرپسندوں نے دستی بم سے حملہ کردیا ، بم پھٹنے سے تھانے کے احاطے میں کھڑی گاڑی میں آگ لگ گئی ، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پولیس کے مطابق نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے دستی بم پھینکا، فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے آگ پر قابو پا لیا۔

خضدار میں قومی شاہراہ پر تعمیراتی پراجیکٹ پر نامعلوم افراد کا حملہ

ادھر خضدار میں قومی شاہراہ پر تعمیراتی پراجیکٹ پر نامعلوم افراد نے حملہ کردیا، پیٹرول چھڑک کر متعدد گاڑیوں اور مشینری کو آگ لگادی۔

نامعلوم افراد نے عملے کی پروفائلنگ بھی کی اور فرار ہوگئے جبکہ سیکیورٹی فورسز اور انتظامیہ موقع پر پہنچ گئیں جبکہ آگ بجھانے کا عمل جاری ہے۔

بلوچستان

quetta

khuzdar

Bolan

bolan manjho dam