کے الیکٹرک نے ہائی ٹینشن ٹرانسمیشن لائنز کے قریب پتنگ بازی سے خبردار کردیا
کے الیکٹرک نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ بجلی کے انفراسٹرکچر کے قریب پتنگ بازی سے گریز کریں، خصوصاً ہائی ٹینشن ٹرانسمیشن لائنز کے آس پاس یہ سرگرمی انتہائی خطرناک ہو سکتی ہے۔
کے الیکٹرک کے مطابق، پتنگ بازی ایک مقبول تفریحی سرگرمی ضرور ہے، لیکن اس میں اکثر دھاتی، کیمیکل یا شیشے سے لیپت ڈور کا استعمال کیا جاتا ہے، جو نہ صرف کرنٹ لگنے کا خطرہ بڑھاتا ہے بلکہ بجلی کی فراہمی میں بھی رکاوٹ کا باعث بنتا ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں بجلی کی لائنیں موجود ہیں۔
کے الیکٹرک کے سینئر ڈائریکٹر کارپوریٹ کمیونیکیشنز عمران رانا نے کہا کہ کوئی بھی تفریحی سرگرمی خوشی کا ذریعہ ہونی چاہیے، نہ کہ حادثات یا بجلی کی بندش کا سبب بنے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ پتنگ بازی میں استعمال ہونے والی دھاتی یا کیمیکل لیپت ڈور بجلی کو موصل کرتی ہے، اور اگر ایسی ڈور ہائی ٹینشن لائنز کے قریب بھی ہو، تو وہ حادثے کا باعث بن سکتی ہے، چاہے وہ براہ راست تاروں سے نہ بھی ٹکرائے۔
کے الیکٹرک نے کراچی کے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ رمضان کے مقدس مہینے میں ایسی سرگرمیوں میں حصہ لیں جو ان کی اور دوسروں کی زندگیوں کے لیے خطرہ نہ بنیں۔
ادارے نے شہری انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور کمیونٹی رہنماؤں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ خاص طور پر بچوں میں غیر محفوظ پتنگ بازی کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
کے الیکٹرک نے نشاندہی کی ہے کہ پتنگ بازی کے دوران بجلی کے نظام میں خلل پڑتا ہے، اور افطار کے وقت ایسے واقعات میں کئی بار رکاوٹ دیکھی گئی ہے۔ والدین اور سرپرستوں سے بھی گزارش کی گئی ہے کہ وہ بچوں کو ایسی تفریحی سرگرمیوں میں مصروف کریں جو ان کی زندگیوں کے لیے خطرہ نہ ہوں۔
کے الیکٹرک عوامی آگاہی اور کمیونٹی انٹرایکشن کے ذریعے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح قرار دیتا ہے، تاکہ حادثات سے بچا جا سکے اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔