Aaj News

اتوار, اپريل 27, 2025  
29 Shawwal 1446  

پاک سوزوکی کا اپنی مقبول گاڑی ویگن آر کی بکنگ مستقل طور پر معطل کرنے کا اعلان

نئے ماڈل سے متعلق قیاس آرائیں جاری ہیں
شائع 13 مارچ 2025 11:33am

پاک سوزوکی نے اپنی مقبول ہیچ بیک گاڑی ویگن آر کی بکنگ مستقل طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق کمپنی کی جانب سے چند ماہ قبل گاڑی کے سرفہرست ویرینٹ کی بکنگ بند کر دی گئی تھی، جس کے بعد یہ افواہیں زیر گردش کر رہی تھیں کہ دیگر ویرینٹس کی بکنگ بھی ختم کر دی جائے گی تاہم وہ دن اب آگیا۔

پاک سوزوکی نے اپنے ڈیلرز کو جاری کردہ آفیشل پیغام میں تصدیق کی کہ پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ نے سوزوکی ویگن آر کے (تمام ویرینٹس) کی بکنگ مستقل طور پر معطل کر دی ہے۔

کمپنی نے بتایا کہ مذکورہ فیصلہ 11 مارچ 2025 سے فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ براہ کرم اپنی سیلز ٹیم اور ممکنہ خریداروں کو اس بارے میں ضرور مطلع کر دیں۔

سوزوکی بولان کی جگہ لائی گئی ’سوزوکی ایوری‘ کی قیمت کیا ہے؟

ہیچ بیک ویگن آر کو پاکستان میں 2014 میں تین ویرئنٹز میں متعارف کرایا گیا تھا جس میں ایک بیسک ویرینٹ جس کی قیمت 8 لاکھ 99 ہزار روپے رکھی گئی تھی جبکہ وی ایکس آر کی قیمت 10 لاکھ 49 ہزار اور وی ایکس ایل کی قیمت 10 لاکھ 89 روپے متعارف کروائی گئی تھی۔

بعد ازاں، کمپنی نے بیس ویرینٹ VX کو بند کر دیا اور 2020 میں ایک نیا اے جی ایس AGS ویرینٹ متعارف کرایا، جو آٹومیٹک گیئر شفٹ ٹرانسمیشن (AGS)، ایئر بیگ اور دیگر فیچرز کے ساتھ آیا۔ اس وقت اس گاڑی کی قیمت 18,90,000 روپے رکھی گئی تھی۔

کیا نیا ماڈل آنے والا ہے؟

عام طورپر جب کسی گاڑی کی بکنگ معطل کی جاتی ہے تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ مارکیٹ میں نیا ماڈل متعارف کرایا جانے والا ہے۔ اس کی تصدیق کے لیے پاک ویلز نے پاک سوزوکی سے رابطہ کیا، جہاں ایک سرکاری نمائندے نے بتایا کہ “قریب مستقبل میں نہیں، شاید دو سے تین سالوں میں نیا ماڈل متوقع ہے۔

یہ بیان اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ پاکستان میں ویگن آر کے موجودہ ماڈل کا سفر ختم ہو چکا ہے۔ اس کی بڑی وجہ طویل عرصے سے کم فروخت ہو سکتی ہے۔ اب پاکستان میں ویگن آر کے اگلے ماڈل کا انتظار کیا جائے گا۔

Pak Suzuki

WAGON R