Aaj News

ہفتہ, مئ 10, 2025  
12 Dhul-Qadah 1446  

وزیراعظم شہبازشریف کا بلوچستان کی صورتحال پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کااعلان

شہدا کے خلاف ہرزہ سرائی کی اجازت نہیں دی جا سکتی، کوئٹہ میں امن وامان سے متعلق اجلاس کے بعد خطاب
اپ ڈیٹ 13 مارچ 2025 10:38pm

وزیراعظم شہبازشریف نے بلوچستان کی صورتحال پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کردیا۔ کوئٹہ میں امن وامان سے متعلق اجلاس کے بعد خطاب میں انھوں نے کہا کہ شہدا کے خلاف ہرزہ سرائی کی اجازت نہیں دی جا سکتی، طالبان سے رشتہ جوڑنے والوں کی وجہ سے آج یہ دن دیکھنا پڑا، گھس بیٹھئے دوست نما دشمن پاکستان کے خلاف کام کر رہے ہیں۔

کوئٹہ میں وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے امن وامان سے متعلق اجلاس کی صدارت کی، انھوں نے بلوچستان کی صورتحال پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ جعفر ایکسپریس واقعے پر پوری قوم اشکبار ہے، دہشت گردوں نے نہتے پاکستانیوں کو یرغمال بنا کر شہید کیا، دہشتگردوں نے مسافروں کو ٹرین سے نکال کرمیدان میں بٹھایا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مسافرعید منانے کیلئے اپنے گھروں کو واپس جا رہے تھے، ٹرین میں فوجی جوان بھی سوار تھے، خودکش بمباروں نے مسافروں کو گھیرے میں رکھا ہوا تھا، دہشت گردوں سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی اپنائی گئی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ضرار کمپنی نے حکمت عملی سے 339 کی زندگی بچائی، سیکیورٹی فورسز نے 33 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، بلوچستان کی تعمیرو ترقی کیلئے سب کو حصہ ڈالنا ہوگا، پاکستان ایسے حادثات کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

قومی اسمبلی میں جعفر ایکسپریس حملے کے خلاف متفقہ مذمتی قرارداد منظور

انھوں نے کہا کہ افواج پاکستان کی قربانیوں سے ملک سے دہشت گردی ختم ہوگئی تھی۔ دہشت گردی کے ناسور کا سر کچلا جا چکا تھا، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزارقربانیاں دی گئیں، سوال یہ ہے کہ دہشت گردی کے ناسورنے پھرسرکیوں اٹھایا؟

وزیراعظم نے کہا کہ طالبان کے ساتھ اپنا رشتہ جوڑنے والوں کے باعث ہم آج یہ دن دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے جیلوں میں قید ہزاروں طالبان کو آزاد کیا، بدقسمتی سے اس واقعہ پر جس طرح گفتگو کی گئی وہ زبان پر نہیں لائی جا سکتی۔

انھوں نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ہمارامشرقی دشمن زہراگل رہا ہے، اپنی ہی افواج کو تنقید کا نشانہ بنایا جائے تو اندازہ کریں ملک کا کیا حال ہوگا، ایک سال میں معاشی میدان میں بہتری کی طرف لے کر آئے۔

وزیراعطم نے مزید کہا کہ ڈیفالٹ کی باتیں کرنے والے معاشی کامیابیوں پرحیران ہیں، قوم کو دوست نما دشمن کو پہچاننا ہوگا، امن کیلئے تمام اکائیوں کو کردارادا کرنا ہوگا، دہشت گردوں کا صفایا نہ کیا توترقی کا سفر رک جائے گا۔ سانحہ اے پی ایس کے بعد نیشنل ایکشن پلان کا فیصلہ ہوا تھا، لیپ ٹاپ اسکیم میں بلوچستان کا حصہ دیگرصوبوں سے زیادہ ہے۔

جعفر ایکسپریس کے یرغمالی بازیاب، 21 مسافر اور 4 جوان شہید، تمام 33 دہشتگرد ہلاک، رولز آف گیم تبدیل ہوگئے، ڈی جی آئی ایس پی آر

کوئٹہ میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت بلوچستان کے امن وامان سے متعلق اجلاس میں وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے بریفنگ دی۔

وزیراعلٰی بلوچستان نے کہا کہ جعفرایکسپریس واقعہ کی مذمت کرتے ہیں، دہشت گردی کا بلوچ کلچرسے کوئی تعلق نہیں، نہتے مسافروں پرحملہ بلوچ روایات نہیں، بلوچستان میں دہشت گردی کا قلع قمع کریںگے۔

وزیراعظم، آرمی چیف اور شرکا کانفرنس کا اعلامیہ

بعد ازاں وزیراعظم شہبازشریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا سی ایم ایچ کوئٹہ کے دورے کا اعلامیہ جاری کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق وزیراعطم اور آرمی چیف نے زخمیوں اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے جعفر ایکسپریس کے مسافروں کو شہید کرنا ناقابل معافی ظلم قرار دیتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں کے خلاف غیر انسانی کارروائیاں باغیوں کی اصلیت کو بے نقاب کرتی ہیں۔

بلوچستان میں امن و امان سے متعلق اجلاس کے شرکا کانفرنس نے کہا کہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے والوں کیخلاف پوری طاقت سے مقابلہ کیا جائے گا ، مسلح افواج نے فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے یرغمالیوں کو بازیاب کرایا، ذمہ داروں اور ان کے سہولت کاروں کو بغیر کسی ہچکچاہٹ ختم کردیا جائے گا۔

شرکا نے متفقہ طور پر جعفر ایکسپریس پر دہشت گردی کی وحشیانہ کارروائی کی مذمت کی۔ شرکا نے سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور سیکیورٹی کانفرنس میں جعفر ایکسپریس حملے کے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

اجلاس میں جعفر ایکسپریس سے متعلق حالیہ آپریشن کے کامیاب انعقاد بارے آگاہ کیا گیا۔ شرکاء نے دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کو برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کوئٹہ میں اعلیٰ سطحی سیکیورٹی کانفرنس میں شرکت کی۔ آرمی چیف، گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان، وفاقی وزرا نے بھی شرکت کی، اجلاس میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور نمائندوں نے بھی شرکت کی، شرکاء کو بلوچستان میں سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

quetta

PM Shehbaz Sharif

Attack on Jaffar Express

hijacking of the Jafar Express