چین کی بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر دہشت گرد حملے کی مذمت
چین نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چین نے پاکستان میں کالعدم بی ایل اے کی جانب سے ٹرین ہائی جیکنگ کی مذمت کی ہے، وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ کا کہنا ہے چین دہشت گردی کی ہر قسم کا مخالف ہے۔
انھوں نے کہا چین دہشت گردی کے مقابلے، اتحاد و استحکام، علاقائی امن اور عوام کی حفاظت کے لیے پاکستان کی کوششں میں اس کی معاونت جاری رکھے گا۔
جعفر ایکسپریس کے متعدد مسافر یرغمال بنے رہے، دہشت گردوں نے لوگوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا
ترجمان چینی وزارت خارجہ ماؤننگ نے کہا چین ہر قسم کی دہشت گردی کی سختی سے مخالفت کرتا ہے اور انسداد دہشت گردی سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے لیے تیار ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان ڈھاڈر میں جعفر ایکسپریس پر کالعدم بی ایل اے نے حملہ کر کے ٹرین ہائی جیک کر لی ہے، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 30 دہشت گردوں کو مارا گیا ہے، جب کہ یرغمال 190 مسافر بازیاب کیے گئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد افغانستان میں موجود اپنے سہولت کاروں سے رابطے میں ہیں، خواتین اور بچوں کی خودکش بمباروں کے ساتھ موجودگی پر انتہائی احتیاط برتی جا رہی ہے، دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا۔
Comments are closed on this story.