کیا بلوچستان کے حالات کی ذمہ داری بھی گنڈاپور پر ڈالیں گے؟ بیرسٹر سیف کا بلاول کے بیان پر ردعمل
ترجمان کے پی حکومت بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا براہ راست تعلق افغانستان سے ہے۔ یہ کسی ایک صوبے کا نہیں قومی مسئلہ ہے، بلاول نے وزیرخارجہ کی حیثیت میں پوری دنیا کا دورہ کیا مگر افغانستان نہیں گئے۔ کیا بلوچستان کے حالات کی ذمہ داری بھی علی امین گنڈاپور پر ڈالیں گے؟
ذرائع کے مطابق مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بلاوجہ بھٹو پہلے اپنے سوراخ گن لیں، پھر دوسروں میں تلاش کریں،پہلے اپنا قبلہ درست کریں پھر دوسروں پر تنقید کریں۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ پشتو کی کہاوت ہے، ”چھلنی لوٹے سے کہتی ہے کہ تم میں دو سوراخ ہیں“بلوچستان میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، جہاں کل ایک پوری ٹرین کو دہشت گردوں نے یرغمال بنا لیا،،کیا بلوچستان کے حالات کی ذمہ داری بھی علی امین گنڈا پور پر ڈالیں گے؟
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ سندھ کو کچے کے ڈاکوؤں نے یرغمال بنایا ہوا ہے، اور سندھ کے حکمران خود کچے کے ڈاکوؤں کو اسلحہ فراہم کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں۔
جعفر ایکسپریس حملہ: دہشتگردوں میں خود کش بمبار بھی موجود ہیں، سیکیورٹی ذرائع
انہوں نے کہا کہ کراچی میں رہزنی اور ڈکیتی معمول بن چکی ہے، دہشت گردی ایک صوبے کا نہیں بلکہ قومی مسئلہ ہے، مگر وفاق اس حوالے سے کچھ نہیں کر رہا،بلاول بھٹو وزیر خارجہ رہے، پوری دنیا کا دورہ کیا، مگر افغانستان جانا گوارا نہیں کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کا براہ راست تعلق افغانستان سے ہے،،این ایف سی ایوارڈ میں ضم شدہ اضلاع کا پورا حصہ نہیں دیا جا رہا۔
واضح رہے گزشتہ روز بولان میں جعفر ایکسپریس پر دہشتگردوں نے حملہ کیا مسافروں کو یرغمال بنا لیا تھا۔ حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے 155 مسافروں کو بازیاب کروا لیا جبکہ آپریشن کے دوران اب تک 27 دہشت گردوں ہلاک کردیا گیا ہے۔
Comments are closed on this story.