Aaj News

بدھ, مئ 07, 2025  
09 Dhul-Qadah 1446  

روہت شرما نے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں تاریخ رقم کردی

آئی سی سی کے تمام ایونٹس کے فائنل میں قیادت کرنے والے دنیا کے پہلے کپتان بن گئے
شائع 09 مارچ 2025 10:26pm

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما آئی سی سی کے تمام ایونٹس کے فائنل میں قیادت کرنے والے دنیا کے پہلے کپتان بن گئے۔

بھارت نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری بار چیمپئنز ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

روہت شرما بڑے میچ کے بڑے کھلاڑی ثابت ہوئے نیوزی لینڈ کے خلاف فائنل میں 76 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، اننگز کے دوران 3 چھکے اور 7 چوکے لگائے۔

بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کو چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں ذمہ دارانہ اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ سے بھی نوازا گیا۔

اسی کے ساتھ بھارتی کپتان روہت شرما نے چیمپئنزٹرافی کے فائنل میں نئی تاریخ رقم کردی، روہت شرما آئی سی سی کے تمام ایونٹس کے فائنل میں ٹیم کی قیادت کرنے والے دنیا کے پہلے کپتان بن گئے۔

روہت شرما نے ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل، کرکٹ ورلڈکپ 2023 اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں بھارت کی قیادت کی۔

ٹیم پر فخر ہے جس طرح بھارت نے کھیلا، روہت شرما

بھارت کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل جتوانے والے کپتان روہت شرما نے کہا ہے کہ اپنی ٹیم پر فخر ہے جس طرح پورے ٹورنامنٹ میں بھارت نے کھیلا۔

اس موقع پر گفتگو کے دوران روہت شرما کا کہنا تھا کہ ہم نے پورے ٹورنامنٹ میں بہت اچھا کھیلا، مجھے پوری ٹیم اور مینجمنٹ کی سپورٹ حاصل تھی۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے کیریئر کی اس جگہ پر ایسا ہی کھیلنا چاہتا تھا، میرا ذہن بلکل کلیئر تھا اور میں جانتا تھا کہ کیا کرنا ہے، میں نے ٹیم کے لیے جو کیا اس پر خوش ہوں۔

بھارتی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ہماری بیٹنگ لائن بہت مضبوط ہے اور 8ویں نمبر تک ہماری بیٹنگ موجود ہے، سب لڑکوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

rohit sharma

Champions Trophy

India vs new zealand

champions trophy 2025

Icc Champions Trophy 2025

icc champions trophy