امریکا اپنے شہری کی رہائی کے لیے متحرک، حماس سے مذاکرات کی تفصیل سامنے آگئی
فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ امریکی وفد سے گزشتہ ہفتے دوحہ میں ملاقاتیں ہوئی ہیں جس میں امریکا نے دُہری شہریت والے یرغمالیوں میں سے ایک کی رہائی پر بات چیت کی۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس کے رہنما طاہر النونو نے کہا ہے ہماری طرف سے فلسطینی عوام کے مفاد میں لچک کا مظاہرہ کیا گیا اور ملاقاتوں میں جنگ کے مکمل خاتمے کے لیے غزہ جنگ بندی معاہدے کے مراحل پر عملدرآمد کی بات ہوئی ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے گزشتہ ہفتے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایڈن ایلکزانڈر جو کہ نیو جرسی کا 21 سالہ نوجوان ہے اور جسے حماس نے غزہ میں یرغمال بنایا ہوا ہے، کی رہائی ہمارے لیے اولین ترجیح ہے۔
ٹرمپ کی حماس کو تمام اسرائیلی یرغمالی رہا کرنے کیلئے آخری وارننگ
واضح رہے کہ ایڈن الیگزینڈر اسرائیلی فوج مین شامل تھا اور اسے غزہ میں حماس کی قید میں موجود آخری زندہ امریکی یرغمالی سمجھا جاتا ہے۔
مغربی زرائع ابلاغ کے مطابق حماس نے غزہ میں جنگ بندی کے مذاکرات میں ”مکمل لچک“ ظاہر کی ہے تاکہ معاہدے کے اگلے مرحلے میں منتقلی کی جا سکے جبکہ مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اس ہفتے دوحہ جانے والے ہیں تاکہ مذاکرات کو آگے بڑھایا جا سکے۔
یرغمالی رہا نہ کیے تو حماس کو جہنم رسید کردیں گے، اسرائیل
ادھر حماس کے ترجمان عبداللطیف القانوع نے آج پریس کے بیانات میں کہا کہ مصری اور قطری ثالثوں کی کوششیں جاری ہیں تاکہ جنگ بندی معاہدے کو حتمی شکل دی جا سکے اور دوسرے مرحلے کے لیے بات چیت شروع کی جا سکے۔
حماس رہنما نے کہا کہ ہم نے امریکی وفد کو یقین دلایا ہے کہ جنگ بندی معاہدے کے تحت ہم یرغمالیوں کی رہائی کے خلاف نہیں۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق توقع ہے کہ کل سے دوحہ میں غزہ جنگ بندی معاہدے کے اگلے مرحلے کے لیے مذاکرات کا آغاز ہو جائےگا۔
حماس نے چار اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشوں کو ریڈ کراس کے حوالے کردیا
اسرائیل غزہ جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے کے لیے وفد قطر بھیجنے کا اعلان کرچکا ہے، جس کے بعد امید کی جارہی ہے کہ کل سے باضابطہ بات چیت شروع ہو جائےگی۔
حماس نے ہفتے کو اعلان کیا کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے کے لیے مذاکرات کے حوالے سے ”مثبت اشارے“ ملے ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نمائندے اسٹیو وٹکوف بھی قطر میں ہونے والے مذاکرات میں شامل ہوں گے۔
Comments are closed on this story.