Aaj News

منگل, اپريل 29, 2025  
01 Dhul-Qadah 1446  

او آئی سی کا وزرائے خارجہ اجلاس: 15 جنوری 2025 کے سیز فائر معاہدے پر عملدرآمد اسرائیل کیلئے لازمی قرار

عرب لیگ کی جانب سے غزہ کی تعمیر نو کے منصوبے کی حمایت کرتے ہیں، غزہ میں انسانی امدادکی فراہمی میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے، اعلامیہ
شائع 08 مارچ 2025 09:49am

سعودی عرب کے شہر جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے ہیڈ کوارٹر میں تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس پاکستان کی نمائندگی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کی۔ اجلاس میں وزرائے خارجہ نے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی جارحیت اور انہیں ان کی سرزمین سے بے دخل کرنے کے منصوبوں پر گفتگو کی گئی۔

سیکرٹری جنرل او آئی سی حسین ابراہیم طحہٰ نے کہا کہ ہم عرب لیگ کی جانب سے غزہ کی تعمیر نو کے منصوبے کی حمایت کرتے ہیں اور فلسطینی عوام کی جبراً نقل مکانی جیسے بیانات کو مسترد کرتے ہیں۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا پاکستان فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور عرب لیگ کے فیصلے کی حمایت کرتا ہے۔ غانہوں نے کہا کہ زہ کی تعمیر نو کرنے کے ساتھ ساتھ ضرورت اس امر کی بھی ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں پر مظالم بند کرے۔

حسین ابراہیم طحہٰ نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطینی عوام کو اپنی سرزمین پر رہنے کا نہ صرف مکمل حق حاصل ہے بلکہ انہیں ایک خودمختار ریاست کے طور پر عالمی سطح پر اپنا کردار ادا کرنے کا بھی حق ہے۔

حسین ابراہیم طحہٰ نے اسرائیل کی جانب سے بیت المقدس کی بے حرمتی، فلسطینی نوجوانوں کی گرفتاریوں اور شہادت جیسے جرائم کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی مظالم کو روکنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور عرب لیگ کے فیصلے کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ غزہ کی تعمیر نو کے ساتھ ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں پر جاری مظالم بند کرے اور عالمی قوانین کی پاسداری کرے۔

او آئی سی کے اس اجلاس میں رکن ممالک نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کرے۔

اجلاس کا اعلامیہ جاری

او آئی سی کے وزرائے خارجہ اجلاس کا اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس میں غزہ کی تعمیر نو کے لیے عرب منصوبے کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق وزرائے خارجہ نے مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل پر زور دیا اور فلسطین کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

اجلاس میں آزاد فلسطینی ریاست کی جانب سے غزہ کے لیے انتظامی کمیٹی کی حمایت کی گئی جبکہ اعلامیے میں اسرائیل کو غزہ میں جاری نسل کشی اور انسانی المیے کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔

او آئی سی اجلاس میں شام کی تنظیم میں رکنیت بحالی کی منظوری بھی دی گئی، جبکہ غزہ کی تعمیر نو کے لیے حالیہ عرب سمٹ میں پیش کردہ منصوبے کی توثیق کی گئی۔

اجلاس میں شریک رکن ممالک نے فلسطینیوں کی غزہ سے جبری نقل مکانی کے بیانات کو مسترد کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں فلسطینی آزاد ریاست کی رکنیت تسلیم کرانے کے لیے مشترکہ کوششوں پر بھی اتفاق کیا۔

Ishaq Dar

OIC