وقت کبھی نہیں بدلتا، لوگ بدل جاتے ہیں، زمانہ وہی رہتا ہے، اداکار عدنان صدیقی
معروف ٹی وی اداکار اور ماڈل عدنان صدیقی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک ہمیں تقوی اور صبر وبرداشت کا درس دیتا ہے، ہمیں اپنی زندگی میں پورا سال صبر وبرداشت اپنانا چاہیے، روزہ ہمیں دوسروں کی بھوک کا بھی احساس دلاتا ہے، ہمیں نماز کی پابندی کرنی ہے اور وقت پر نماز پڑھی جائے تو کیا بات ہے، وقت پر نماز پڑھیں گے تو اس کے درجات زیادہ ہیں، نماز ہمیں نظم وضبط سکھاتی ہے، وقت کبھی نہیں بدلتا، لوگ بدل جاتے ہیں، زمانہ وہی رہتا ہے۔
پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے لیجنڈ فنکارعدنان صدیقی نے آج کی خصوصی نشریات“ باران رحمت“ رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کی اور رمضان کی مصروفیات اور دیگر اہم امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
لیجنڈ اداکار عدنان صدیقی نے کہا کہ انڈسٹری میں ایک عرصہ ہوگیا ہے، یہ سب اللہ کا کرم ہے، نماز کے ساتھ، ساتھ میں کھانے کے وقت کی بھی پابندی کرتا ہوں، میں دو وقت کھانا کھاتا ہوں، صبح کا ناشتہ اور 7 بجے رات کا کھانا کھا لیتا ہوں، میرا کوئی ڈائٹ پلان نہیں ہے، میں بس نارمل کھانا کھاتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ نیا دور کمروں تک محدود ہوگیا ہے، کمروں میں افطاری ہوتی ہے، سحری میں ساتھ بیٹھ کر کھانا کھانا ختم ہوگیا ہے، میری والدہ ایک انرجی ڈرنک بنایا کرتی تھیں، دودھ میں کافی طاقتور چیزیں شامل کی جاتی تھیں، اب شاید رمضان کا وہ پہلے والا ماحول ہی نہیں رہا۔
عدنان صدیقی نے میزبان کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میرے گھر سے محلے میں افطاری جاتی بھی ہے اور ہمارے گھر آتی بھی ہے، یہ اچھا سلسلہ ہے، میں اپنے گھر آنے والے فوڈ رائیڈر سے بھی سحری اور افطاری کا ضرور پوچھ لیتا ہوں، میرے والد افطار کے لئے فروٹ چاٹ خود بناتے تھے، اور ہمارا ملازم بھی ہمارے ساتھ ٹیبل پر بیٹھ کر کھانا کھاتا تھا۔
Comments are closed on this story.