ملالہ یوسفزئی کی 13 برس بعد سوات میں آبائی گھر پر آمد
برطانوی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ ملالہ یوسفزئی 13 برس بعد سوات میں آبائی گھر پہنچ گئیں، ملالہ یوسفزئی نے 2012 میں طالبان کے حملے کے بعد آبائی گاؤں میں پہلی بار اپنے بچپن کی یادوں کو دوبارہ تازہ کیا ہے، جب انہیں طالبان نے سر میں گولی ماری تھی۔
برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملالہ یوسفزئی جو اَب برطانوی شہری ہیں، بدھ کے روز اپنے شوہر اور والد کے ہمراہ شانگلہ گئیں، جہاں ان کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اس دورے کو خفیہ رکھا گیا۔ اس دوران ملالہ یوسفزئی نے برف سے ڈھکے پہاڑوں اور دریا کے پس منظر میں اپنی تصاویر شیئر کیں اور کہا کہ 13 برس کے بعد وطن واپس آنا میری زندگی کا ایک خوبصورت لمحہ ہے۔
ٖغیر ملکی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ 27 سالہ ملالہ نے اس موقع پر کہا، ’بچپن میں، میں نے ہر چھٹی شانگلہ میں اپنے خاندان کے ساتھ گزاری تھی، دریا کے کنارے کھیلتے اور کھانا بانٹتے ہوئے۔ آج یہاں واپس آنا میرے لیے بہت خوشی کی بات ہے۔ یہ جگہ میرے دل کے بہت قریب ہے اور میں ہمیشہ یہاں واپس آنا چاہوں گی۔
یاد رہے کہ نوبیل امن انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے رواں سال جنوری میں پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق اسلام آباد میں ہونے والے سربراہی اجلاس میں شرکت کی تھی۔
اگرچہ ملالہ نے پچھلے 13 سالوں میں پاکستان کے مختلف دورے کیے ہیں، لیکن یہ پہلا موقع تھا جب وہ اپنے آبائی شہر سوات واپس گئیں۔ ان کے دورے کے دوران علاقے میں سیکیورٹی کو سخت کر دیا گیا تھا اور بعض جگہوں کو سیل بھی کیا گیا تھا۔
ملالہ یوسفزئی کو 2012 میں تحریک طالبان پاکستان کے ایک مسلح جنگجو نے سکول بس میں سفر کرتے ہوئے سر میں گولی مار دی تھی، جس کے بعد انہیں وادی سوات سے نکلنا پڑا تھا۔ اس وقت وہ صرف 15 سال کی تھیں۔ ملالہ کو ان کے گاؤں میں لڑکیوں کی تعلیم کے حق میں آواز اٹھانے کی وجہ سے حملہ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
اس واقعے کے دو سال بعد، 2014 میں ملالہ یوسفزئی کو بھارتی بچوں کے حقوق کے کارکن کیلاش ستیارتھی کے ساتھ امن کا نوبل انعام دیا گیا تھا۔
برطانوی ذرائع ابلاغ نے یہ دعوٰی بھی کیا کہ ملالہ نے اپنے دورے کے دوران ایک وعدہ کیا کہ ’ملالہ فنڈ یہ یقینی بنائے گا کہ کالجوں میں بغیر فیس کے اعلیٰ معیار کی تعلیم فراہم کی جائے۔
مزید برآں، ملالہ نے اس ہفتے بنوں میں ہونے والے دو خودکش بم دھماکوں میں جان سے جانے والے 13 شہریوں اور پانچ سکیورٹی اہلکاروں کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ ان دھماکوں میں 42 افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں سے بعض کی حالت نازک ہے۔
ملالہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں اپنے وطن کے ہر کونے میں امن کی دعا کرتی ہوں اور حالیہ حملوں میں متاثرہ افراد اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ اپنی تعزیت پیش کرتی ہوں۔
Comments are closed on this story.