Aaj News

اتوار, مارچ 23, 2025  
22 Ramadan 1446  

میو اسپتال میں ادویات کی قلت پر مزید معطلی، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر فنڈز جاری

یہ ہتک آمیز رویہ تمام ڈاکٹرز اور وائٹ کوٹ کی تکریم کے خلاف تھا، صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب
اپ ڈیٹ 07 مارچ 2025 07:50pm

میو اسپتال میں ادویات کی قلت کے معاملے پر وزیر اعلیٰ پنجاب کے ایکشن کے بعد مزید معطلیاں کی گئی ہیں، مریم نواز کی ہدایت پر میو اسپتال لاہورکو ادویات خریداری کیلئے فنڈز جاری کر دیئے گئے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئراینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے چیف فارماسسٹ کو معطل کر دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف فارماسسٹ کو محکمہ اسپیشلایزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کو رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ سیکرٹری فارمیسی کونسل پنجاب زکا الرحمان کو چیف فارماسسٹ میو اسپتال کا اضافی چارج دے دیا گیا۔

میو اسپتال لاہورکو ادویات خریداری کیلئے فنڈز جاری

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر میو اسپتال لاہورکو ادویات خریداری کیلئے فنڈز جاری کر دئیے گئے، پے اور الاؤنس فنڈز کے 340 ملین روپے ادویات کی خریداری کیلئے استعمال کرنے کی اجازت دے دی گئی۔ فنانس ڈیپارٹمنٹ نے حکمنامہ جاری کر دیا۔ میو اسپتال کے بجٹ میں اضافی فنڈز میسر ہونے کے باوجود استعمال میں نہیں لائے گئے تھے۔

دوسری جانب میو اسپتال لاہور میں ایم ایس کی معطلی کے معاملے پر وائے ڈی اے نے ایم ایس کی معطلی کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہتک آمیز رویہ تمام ڈاکٹرز اور وائٹ کوٹ کی تکریم کے خلاف تھا۔ ایک سیاسی شخص نے اپنی نااہلی چھپانے کیلئے ان پہ الزام لگا کر انہیں فارغ کیا۔

مریم نواز کا اچانک میو اسپتال کا دورہ، شکایت کے انبار پر فوری بڑے فیصلے

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر ڈاکٹر شعیب نیازی نے بیان میں کہا کہ پروفیسر فیصل مسعود ایم ایس ہونے کے ساتھ بہترین ڈاکٹر اور استاد بھی ہیں، ان کے شاگرد پاکستان بھر کے مختلف اسپتالوں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

ڈاکٹر شعیب کا کہنا تھا کہ یہ ہتک آمیز رویہ ایک ڈاکٹر نہیں تمام ڈاکٹرز، وائٹ کوٹ کی تکریم کیخلاف تھا، ڈاکٹر کو پروفیسر بننے تک 20 سے 25 سال کا عرصہ لگتا ہے۔

صدر وائی ڈی آے پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ وہ اپنی نیند، خوشیوں، تقریبات کی قربانی دیتے ہیں، ایک سیاسی شخص نے اپنی نااہلی چھپانے کیلئے ان پہ الزام لگا کر انہیں فارغ کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا مہنگائی کے سدباب کیلئے مؤثر کریک ڈاؤن کا حکم

ڈاکٹر شعیب کا کہنا تھا کہ انکا رویہ دراصل یہ پیغام دیتا ہے کہ یہ ملک اشرافیہ کی لونڈی ہے، میو اسپتال کو چار ارب روپے نہیں دئیے گئے، پنجاب بھر میں ادویات کسی بھی اسپتال میں نہیں آرہی ہیں، اگر اسپتالوں میں واقعی کوئی تبدیلی لانا چاہتے ہیں تو ”تھرڈ پارٹی آڈٹ“ کرائیں۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے میو اسپتال کا اچانک دورہ کیا تھا جہاں مریضوں اور تیمارداروں نے شکایات کے انبار لگا دیے، ناقص سہولیات اور بدانتظامی پر وزیراعلیٰ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسپتال انتظامیہ کی سخت سرزنش کی تھی۔

دورے کے دوران مریم نواز نے ایم ایس میو اسپتال کو فوری عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا اور کہا تھا کہ اسپتال میں عوام کو درپیش مسائل کسی صورت قابل قبول نہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے لاہور میں طوفانی دورے

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے لاہور میں طوفانی دورے کئے اور ترقیاتی کاموں کی رفتار اور معیار ، لاہور کی ترقی کے میگا پراجیکٹ پرعمل درآمد کا جائزہ لیا۔

مریم نواز نے لاہور کی ترقی کے تاریخی ’لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام‘ کے مختلف زونز کا اچانک دورہ کیا اور مختلف زونز میں منصوبوں پر پیشرفت کا معائنہ بھی کیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پنجاب کی طرح لاہور کے ہرعلاقے کی مساوی ترقی ہوگی، معیار ایک جیسا یقینی بنائیں، ایسا نظام بنانا چاہتی ہوں کہ یہ مسائل دوبارہ نظر نہ آئیں، عوام کو نہ ستائیں۔

مریم نواز کی حکام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام‘ پورے لاہورکی ترقی کا منصوبہ ہے، سالوں کی عوامی شکایات کا خاتمہ کیا جائے گا ۔

ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کے تحت پورے لاہور کو 9 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ کوئی علاقہ، محلہ اور بستی ترقی کی عمل سے محروم نہ رہے ، منصوبوں پر دو حصوں میں مرحلہ وار عمل ہوگا۔

اس موقع پر انہیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں 6، دوسرے میں 3 زونز میں ترقیاتی کام ہوں گے، پہلے مرحلے میں کل 450 ترقیاتی سکیموں میں سے واسا کی 252 اور میونسپل کارپوریشن کی 198 اسکیمیں ہیں۔

433 اسکیموں میں تعمیراتی کام دیا جا چکا ہے، ترقیاتی سکیموں پر کام کا آغاز بھی ہو چکا ہے، پہلی بار تمام زونز میں بڑے قطر کی گٹر لائنوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ انجینئرنگ کے جدید ڈیزائن اور طریقوں کو اختیار کیا جا رہا ہے، تاکہ گٹروں کی بندش اور نکاسی آب کے مسائل پیدا نہ ہوں، تمام ٹھیکے ڈیجیٹلائز کرکے سسٹم کا حصہ بنا دئیے گئے ہیں۔

افسران نے بتایا کہ منصوبوں کے معیار اور رفتار کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے، ’انسپیکٹر ایپ‘ کے ذریعے جاری کام کی عملی صورتحال تصویروں اور وڈیوز کی شکل میں اپ لوڈ کی جاتی ہے۔

mayo hospital lahore

CM Punjab Maryam Nawaz