Aaj News

جمعہ, اپريل 18, 2025  
19 Shawwal 1446  

نیٹ میٹرنگ صارفین سے خریدی گئی بجلی کے ٹیرف میں 17 روپے تک کمی کا امکان

حکومت نے پاور پرچیزنگ کے حوالے سے اہم پلان آئی ایم ایف سے شیئر کردیا
شائع 07 مارچ 2025 12:30pm

نیٹ میٹرنگ والے تیار ہوجائیں کیونکہ صارفین سے خریدی گئی بجلی کے ٹیرف میں بڑی کمی کیے جانے کا امکان ہے تاہم حکومت نے پاور پرچیزنگ کے حوالے سے اہم پلان بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے شیئر کردیا، دوسری جانب آئی ایم ایف کیپٹو پاور پلانٹس پر گیس ٹیرف نہ لگنے پر بھی ناخوش ہے اور گیس ٹیرف فوری نافذ کرنے کا مطالبہ کردیا۔

حکومت اور آئی ایم ایف کے مابین مذاکرات جاری ہیں، جس میں ایک جانب بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے بلز میں شامل جی ایس ٹی کم کرنے کی تجویز عالمی مالیاتی ادارے نے مسترد کردی ہے وہیں نیٹ میٹرنگ صارفین سے خریدی گئی بجلی کے ٹیرف میں بھی بڑی کمی کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے پاور پرچیزنگ کے حوالے سے اہم پلان آئی ایم ایف سے شیئر کردیا ہے، جس کے مطابق نیٹ میٹرنگ والوں سے بجلی 10 روپے فی یونٹ تک خریدی جائے گی۔

پلان کے مطابق پہلے نیٹ میٹرنگ صارفین سے پیدا کی گئی بجلی 27 روپے یونٹ خریدی جارہی تھی، جس کے بعد اب آئی ایم ایف سے شیئر کیے گئے پلان میں 17 روپے کم کرکے 10 روپے فی یونٹ پر خریدنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

حکومت نے مختلف آپشنز پر کام شروع کردیا، بجلی کی قیمت کب اور کتنی کم ہوسکتی ہے

ملک بھر میں سولر نیٹ میٹرنگ بجلی صارفین سے 18 فیصد سیلز ٹیکس وصول کرنے کا حکم جاری

ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے سوال کیا ہے کہ گرڈ چھوڑ کر آف گرڈ والے صارفین کے مسئلے کو کیسے حل کیا جائے گا، جس پر حکومت فی الحال اس پر کوئی واضح جواب یا پلان شیئر نہیں کر سکی ہے، مذاکرات میں پاور کمپنیز کے حوالے سے بھی آئی ایم ایف سے مذاکرات جاری ہیں۔

علاوہ ازیں آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ گردشی قرضوں میں کمی کے لیے مالیاتی گنجائش کا استعمال کیا جائے۔

آئی ایم ایف کیپٹو پاور پلانٹس پر گیس ٹیرف نہ لگنے پر ناخوش

دوسری جانب عالمی مالیاتی فند (آئی ایم ایف) نے کیپٹو پاور پلانٹس پر گیس ٹیرف نہ لگنے پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

آئی ایم ایف سے مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کے مذاکرات جاری ہیں، آئی ایم ایف کیپٹوپاور پلانٹس پر گیس ٹیرف نہ لگنے پر ناخوش ہے، آئی ایم ایم کی جانب سے گیس ٹیرف فوری نافذ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پٹرولیم ڈویژن نے آئی ایم ایف حکام کو وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ٹیرف کو بیک ڈیٹ میں یکم جنوری سے نافذ کردیں گے جس پر آئی ایم ایف حکام نے مؤقف اپنایا کہ بیک ڈیٹ نوٹیفائی ہونے سے قانونی چارہ جوئی کا خدشہ ہے ، بیک ڈیٹ کے بجائے گیس ٹیرف فوری نوٹیفائی کیا جائے۔

آئی ایم ایف نے کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گرڈ ٹرانزیشن لیوی کے نفاذ کی بھی ہدایت کی جبکہ پاور سیکٹر میں گردشی قرض کنٹرول کرنے کے اقدام کی تعریف کی۔

پاورڈویژن نے گردشی قرض کے خاتمے کی حکمت عملی بھی آئی ایم ایف سے شیئر کردی جس میں بتایا گیا کہ بینکوں سے 12 سو ارب روپے قرض لیا جائے گا جس میں سے300 ارب روپے سیٹل کیے جائیں گے ، تقریباً 600 ارب روپے لیٹ پیمنٹ سرچارج معاف کروا کر گردشی قرض کلیئر کیا جائے گا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ بینک قرض لوٹانے کیلئے بجلی پر 2 روپے 80 پیسے فی یونٹ سرچارج لگا کر 5 برس میں وصول کیے جائیں گے ، آئندہ بجٹ میں ریٹیلرز کیلئے فکسڈ ٹیکس کیساتھ نئی سکیم متعارف کرانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا کہ ایف بی آر ٹرانسفارمیشن پلان جلد مکمل اور غیرقانونی تمباکو مارکیٹ کو کنٹرول کیا جائے۔

پاکستانی حکام اور آئی ایم ایف کے درمیان بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام پر بھی مذاکرات ہوئے جبکہ گورننس، ڈومیسٹک فنانسنگ آپریشنز اور پی آئی اے سمیت اداروں کی نجکاری کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

آج لا منسٹری اور نیب حکام نیب اصلاحات کے لیے سپریم کورٹ احکامات پرعملدرآمد پرمذاکرات کریں گے ، نیب ریفارمز پر آئی ایم ایف نے رپورٹ طلب کر لی۔

اسلام آباد

electricity price

Net Metering

Electricity Tarrif

Solar Net Metering