پاکستان سے کہا تھا تعلقات اچھے کرنے ہیں تو ایبے گیٹ حملے کے دہشتگرد کی گرفتاری ترجیح ہے، سی آئی اے سربراہ
امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف نے کہا ہے کہ 2021 میں کابل ایئرپورٹ حملے کے ماسٹر مائنڈ کو پکڑنے کے لیے پاکستان سے کہا تھا کہ اگر امریکا اور ٹرمپ سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں تو ایبی گیٹ دہشتگردی کے ملزم کی گرفتاری کو اولین ترجیح دینا ہوگی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف نے فاکس نیوز کو انٹرویو میں انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ عہدہ سنبھالنے کے دوسرے روز ہی پاکستانی حکام سے رابطہ کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ریٹکلف کا انٹرویو میں کہنا تھا کہ میں نے اپنی ملازمت کے دوسرے روز پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے سربراہ سے بات کی جس میں میں نے ان کے ساتھ وہ خفیہ معلومات شیئر کیں جو ہمارے پاس موجود تھیں، جو یہ ظاہر کرتی تھیں کہ شریف اللہ عرف جعفر افغانستان اور پاکستان کے سرحدی علاقے میں چھپا ہوا تھا۔
انھوں نے مزید بتایا کہ ’میں نے ان سے کہا کہ اگر آپ امریکہ اور صدر ٹرمپ کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں تو آپ کو اس معاملے کو اولین ترجیح پر رکھتے ہوئے کام کرنا ہو گا۔ لہذا ہم نے پاکستانی انٹیلیجنس کے ساتھ مل کر کام کیا۔ اور شریف اللہ عرف جعفر کو جلد ہی پکڑ لیا گیا اور اب اس کو امریکہ میں عدالتوں کا سامنا کرنا ہو گا۔‘
پاکستان نے امریکا کو انتہائی مطلوب داعش کمانڈر کو کیسے گرفتار کیا؟
ریٹکلف کا کہنا تھا کہ ’اور یہ سب صدر ٹرمپ کے باعث ہے کہ نہ صرف ہمارے اتحادی بلکہ وہ ممالک جو مسائل پیدا کرتے رہے ہیں وہ بھی صدر ٹرمپ کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی خبر رساں ادارے ”ایگزیوس“ نے دو امریکی حکام کے حوالے بتایا کہ مبینہ کمانڈر محمد شریف اللہ، جو ”جعفر“ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، افغانستان اور پاکستان میں داعش کے ایک اہم گروہ کا رہنما تھا اور اس پر الزام ہے کہ اس نے 26 اگست 2021 کو کابل ایئرپورٹ کے باہر ہونے والے خودکش حملے کی منصوبہ بندی اور نگرانی کی، جس میں 13 امریکی فوجیوں سمیت 170 سے زائد افغان شہری ہلاک ہوئے تھے۔
امریکی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے امریکی خفیہ ایجنسی ”سی آئی اے“ کی فراہم کردہ معلومات پر کارروائی کرتے ہوئے داعش کے ایک اعلیٰ کمانڈر محمد شریف اللہ کو گرفتار کیا ہے، جسے امریکا 2021 میں افغانستان سے انخلا کے دوران ایبی گیٹ بم دھماکے کا ماسٹر مائنڈ قرار دیتا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آج اپنے کانگریس سے خطاب میں اس بات پر پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
Comments are closed on this story.