Aaj News

جمعرات, مئ 08, 2025  
10 Dhul-Qadah 1446  

وہ ملک جہاں 96 سال سے کوئی بچہ پیدا نہیں ہوا

حیران کن طور پر اس پورے ملک میں ایک بھی اسپتال یا کلینک بنانے کی اجازت نہیں
شائع 06 مارچ 2025 11:56am

جہاں ایک طرف دنیا آبادی کے مسائل سے نمٹنے میں مصروف ہے اور بھارت دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک بن چکا ہے، وہیں ایک ایسا ملک بھی ہے جہاں پچھلے 96 سال سے کوئی بچہ پیدا نہیں ہوا۔ حیران کن طور پر، اس ملک میں کوئی اسپتال بھی موجود نہیں۔

کیا آپ یقین کریں گے کہ 21ویں صدی میں بھی کوئی ایسا ملک ہے جہاں اسپتال نہ ہو؟ یہ ملک دنیا کا سب سے چھوٹا ملک بھی ہے اور رومن کیتھولک عیسائیت کے تمام بڑے رہنما یہاں رہائش پذیر ہیں۔ اس ملک کا نام ”ویٹی کن سٹی“ ہے۔

دنیا کا سب سے چھوٹا ملک

ویٹی کن سٹی دنیا کا سب سے چھوٹا ملک ہے، اور اس کی کئی حیران کن خصوصیات میں سے ایک یہ ہے کہ یہاں گزشتہ 96 سالوں میں کسی بچے کی پیدائش نہیں ہوئی۔ یہ ملک 11 فروری 1929 کو وجود میں آیا تھا، لیکن تب سے اب تک یہاں کوئی پیدائش درج نہیں ہوئی۔

یہ ملک کیتھولک عیسائی برادری کا مرکز ہے، جہاں سے دنیا بھر کی کیتھولک چرچز اور ان کے پادریوں کا انتظام کیا جاتا ہے۔

کوئی اسپتال موجود نہیں

ویٹی کن سٹی کے قیام کے بعد سے یہاں کوئی اسپتال تعمیر نہیں کیا گیا۔ کئی بار اسپتال بنانے کی درخواست کی گئی، لیکن ہر بار اسے مسترد کر دیا گیا۔ اسی وجہ سے، شدید بیمار افراد یا حاملہ خواتین کو اٹلی کے دارالحکومت روم کے اسپتالوں میں بھیجا جاتا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ویٹی کن سٹی، روم کے اندر واقع ہے۔

کوئی پیدائش نہیں

ویٹی کن سٹی کا کل رقبہ صرف 118 ایکڑ ہے، اور یہاں کوئی اسپتال یا زچگی وارڈ موجود نہیں، جس کے باعث یہاں کسی بچے کی پیدائش ممکن نہیں۔ یہ شاید سب سے بڑی وجہ ہے کہ گزشتہ 96 سال میں یہاں کوئی بچہ پیدا نہیں ہوا۔

جرائم کی شرح

ویٹی کن سٹی کی آبادی 800 سے 900 افراد پر مشتمل ہے، جن میں زیادہ تر رومن کیتھولک پادری شامل ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس چھوٹے سے ملک میں جرائم کی شرح کئی دوسرے ممالک کے مقابلے میں زیادہ بتائی جاتی ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہاں آنے والے لاکھوں سیاح ہیں، جن کی وجہ سے چھوٹے موٹے جرائم رونما ہوتے ہیں۔

Vetican CIty

World's Smallest Country