دہشت گردی کی حالیہ لہر ملکی معیشت کے لئے خطرناک ہے، ڈاکٹر حفیظ پاشا
سابق وزیر خزانہ اور ماہر معاشیات ڈاکٹر حفیظ پاشا نے کہا ہے کہ ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر اس وقت 11ارب ڈالرزسے زائد ہیں، ہم ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل آئے ہیں، تاہم ملک میں نیا پیسہ آنے میں کمی آئی ہے جس سے ہمارے معاشی حالات دشواری کا شکار ہیں، ملک میں دہشت گردی کی حالیہ لہر ملکی معیشت کے لئے خطرناک ہے، چین اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے یہ کافی منفی بات ہے۔
آج ٹی وی کے پروگرام ’اسپاٹ لائٹ‘ کی میزبان منیزے جہانگیرسے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حفیظ پاشا نے کہا ہے کہ ہم نے حکومت کے دوسرے ملکوں سے کافی معاہدے ہوتے ہوئے دیکھے ہیں، لیکن ان کا ملکی معیشت پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے، شرح نمو ایک فیصد تک گر چکا ہے، شارٹ فال بڑھتا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے جاری اعداد وشمارغلط ہیں، ملک میں بجلی اورآٹا کے نرخ بڑھے ہیں، حکومت اس میں کمی بتا رہی ہے، عالمی سطح پر تیل کی قیمت ہونے سے پاکستان اور باقی ملکوں کو فائدہ ہوگا، اس سے ملک میں مہنگائی میں کمی آئے گی اور عوام کو ریلیف ملے گا۔
سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پراپرٹی پر ٹیکسز نہ ہونے کے برابر ہیں، ہمیں پراپرٹی ٹیکس بڑھانا ہوگا، ملک میں اس وقت 100 ٹیکسٹائل ملیں بند ہوچکی ہیں، اس انڈسٹری میں منافع نہیں رہا ہے۔
Comments are closed on this story.