Aaj News

اتوار, مئ 04, 2025  
06 Dhul-Qadah 1446  

اسکول کی ”فئیر ویل پارٹی“ کا نام اردو میں رکھنے پر بھارت میں ہنگامہ

دعوت نامے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو حکام نے تحقیقات شروع کردیں
شائع 05 مارچ 2025 10:08am

بھارتی ریاست راجستھان کا ایک اسکول ”فئیر ویل پارٹی“ کا اردو نام رکھنے پر تحقیقات کی زد میں ہے۔

یہ تقریب مہاتما گاندھی گورنمنٹ اسکول شاہ آباد میں 28 فروری کو منعقد ہوئی تھی، جس کے دعوت نامے میں ”جشنِ الوداع“ کا عنوان ہندی زبان میں درج تھا۔ اس کارڈ پر دیوی سرسوتی کی تصویر بھی موجود تھی۔

بھارتی حکومت اردو زبان کے پیچھے پڑگئی

جب اس دعوت نامے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو ضلعی محکمہ تعلیم نے اس معاملے کی چھان بین کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔

محکمہ تعلیم کے جاری کردہ حکم کے مطابق، دعوت نامے پر ”جشنِ الوداع“ کا عنوان درج کرنا ’محکمہ جاتی ہدایات کے خلاف‘ تھا۔

تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی چیف بلاک ایجوکیشن آفیسر، دیویندر سنگھ کر رہے ہیں، جبکہ دو دیگر اسکولوں کے پرنسپل بھی اس کا حصہ ہیں۔

پرنسپل کا مؤقف

اسکول کے پرنسپل ویکیش کمار نے بتایا کہ یہ تقریب دراصل باصلاحیت طلبہ کی حوصلہ افزائی اور بارہویں جماعت کے طلبہ کی الوداعی تقریب کے طور پر رکھی گئی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’اسکول میں کچھ مسلم طلبہ بھی زیر تعلیم ہیں، جنہوں نے تقریب کے لیے یہ نام تجویز کیا تھا۔ بعد ازاں، اسکول ڈیولپمنٹ مینجمنٹ کمیٹی (SDMC) کی میٹنگ میں والدین نے بھی اس نام پر رضامندی ظاہر کی۔‘

ویکیش کمار کے مطابق، دعوت نامے چھپنے کے بعد محسوس کیا گیا کہ یہ نام ”سرکاری اصطلاحات“ سے مطابقت نہیں رکھتا۔ چنانچہ ان کارڈز کو واپس لے لیا گیا، لیکن چند کارڈز طلبہ کے پاس رہ گئے، جنہوں نے انہیں وائرل کر دیا اور پھر میڈیا نے بھی اس معاملے کو اٹھا لیا۔

چیف بلاک ایجوکیشن آفیسر دیویندر سنگھ نے تصدیق کی کہ تحقیقاتی رپورٹ تیار کی جا رہی ہے اور جلد ہی جمع کر دی جائے گی۔ تاہم، انہوں نے نتائج پر مزید تبصرہ نہیں کیا۔

پرنسپل کے مطابق، تحقیقاتی ٹیم نے اسکول آ کر مختلف چیزیں جمع کیں، جن میں طلبہ کی تجویز، اسٹاف میٹنگ کی تفصیلات، تقریب کی ویڈیوز، اور اخباری تراشے شامل ہیں۔

Jashn e Alvida

Indian School

India's hatred to Urdu