Aaj News

منگل, اپريل 22, 2025  
23 Shawwal 1446  

ویرات کوہلی نے سچن ٹنڈولکر کا ایک اور اہم ریکارڈ توڑ دیا

چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں بھارت کا بڑا کارنامہ، آسٹریلیا کی 14 سالہ اجارہ داری کا خاتمہ کر دیا
شائع 05 مارچ 2025 09:15am

بھارتی کرکٹ ٹیم نے بالآخر آسٹریلیا کو 14 سال بعد آئی سی سی ٹورنامنٹس کے ناک آؤٹ مقابلے میں شکست دے دی تو دوسری جانب بھارتی اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے سابق بھارتی لیجنڈری کرکٹر سچن ٹنڈولکر سے اہم اعزاز چھین لیا۔

منگل کو دبئی میں چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں ویرات کوہلی نے شاندار 84 رنز کی اننگز کھیل کر بھارت کو نہ صرف آسٹریلیا کے خلاف 4 وکٹوں سے فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا بلکہ ان کی اننگز کی بدولت بھارت فائنل میں پہنچ گیا۔

آسٹریلیا کے خلاف 98 گیندوں پر مشتمل 84 رنز کی اننگز کے دوران کوہلی نے ایک نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔

ویرات کوہلی نے آئی سی سی کے ون ڈے ٹورنامنٹس ( ورلڈ کپ ، چیمپئنز ٹرافی) میں سب سے زیادہ ففٹی پلس اسکور کا اعزاز حاصل کر لیا۔

کوہلی نے آئی سی سی ون ڈے ٹورنامنٹس کی 53 اننگز میں 24 بار ففٹی پلس اسکور کیا، اس سے قبل یہ ریکارڈ سچن ٹنڈولکر کے پاس تھا، جنہوں نے 58 اننگز میں 23 نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔

اس سے قبل ویرات کوہلی سچن ٹنڈولکر کا ون ڈے میں سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ بھی توڑ چکے ہیں۔

بھارتی ٹیم نے آسٹریلیا کی 14 سالہ اجارہ داری کا خاتمہ کر دیا

دوسری جانب بھارتی کرکٹ ٹیم نے بالآخر آسٹریلیا کو 14 سال بعد آئی سی سی ٹورنامنٹس کے ناک آؤٹ مقابلے میں شکست دے دی۔

منگل کو دبئی میں ہونے والے چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

بھارت نے آسٹریلیا کا 265 رنز کا ہدف 49 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرکے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔

اس فتح کے ساتھ آئی سی سی ناک آؤٹ میچز میں آسٹریلیا کی بھارت کے خلاف 14 سال کی اجارہ داری ختم ہوگئی۔

اس سے قبل، آئی سی سی ناک آؤٹ مقابلوں میں بھارت کو آسٹریلیا کے خلاف آخری کامیابی 2011 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں حاصل ہوئی تھی۔

اس کے بعد آسٹریلیا نے 3 اہم ناک آؤٹ میچوں میں بھارت کو شکست دی تھی جن میں 2015 ون ڈے ورلڈ کپ کا سیمی فائنل، 2023 ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل اور پھر 2023 ون ڈے ورلڈ کپ کا فائنل شامل ہے۔

لیکن چیمپئنز ٹرافی 2025 کے سیمی فائنل میں بھارت کی جیت نے آخرکار آسٹریلیا کے خلاف ناک آؤٹ میچز میں اس شکستوں کے سلسلے کو توڑ دیا۔

اگر مجموعی طور پر آئی سی سی ٹورنامنٹس کے ناک آؤٹ میچز کی بات کریں تو بھارت اور آسٹریلیا 8 بار مدمقابل آئے جس میں دونوں ٹیموں نے 4، 4 میچز میں کامیابی حاصل کی۔

india

Australia

Champions Trophy

india vs australia

champions trophy 2025

Icc Champions Trophy 2025

icc champions trophy