Aaj News

بدھ, اپريل 23, 2025  
24 Shawwal 1446  

بھارتی اداکارہ سونا اسمگل کرنے کے شبہ میں گرفتار

انہیں دبئی سے واپسی پر بنگلور ایئرپورٹ پر گرفتار کیا گیا
شائع 05 مارچ 2025 08:29am

بھارت کی ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلیجینس (DRI) نے معروف اداکارہ رانیا راؤ کو دبئی سے بنگلور واپسی پر 14.8 کلو سونا اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، اداکارہ کو پیر کے روز ایئرپورٹ پر گرفتار کیا گیا تھا اور بعد ازاں انہیں مقامی عدالت میں پیش کر کے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ حاصل کر لیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ رانیا راؤ متحدہ عرب امارات سے بنگلور واپس پہنچیں، اور انہیں غیر معمولی طور پر بیرون ملک سفر کرنے کی وجہ سے زیر نگرانی رکھا گیا تھا۔

اللو ارجن نے فلم سے سلمان خان کا پتا کاٹ دیا

تفتیش میں انکشاف ہوا کہ اداکارہ مبینہ طور پر سونے کی اسمگلنگ میں ملوث تھیں، اور وہ سونے کی بارز اپنے جسم پر پہنتی تھیں یا کپڑوں میں چھپاتی تھیں۔

مقامی حکام نے یہ بھی بتایا کہ ان پر اس وقت شک ہوا جب رانیا راؤ نے 15 دن کے دوران 4 مرتبہ دبئی کا سفر کیا۔ اس کے بعد انہیں ٹارگٹ کرکے کارروائی کی گئی۔

تفتیش کے دوران یہ بھی معلوم ہوا کہ اداکارہ کسٹم کی تلاشی سے بچنے کے لیے اپنے رابطوں کا استعمال کرتی رہی ہوں گی۔

بھارت کا سب سے امیر کامیڈین، جس نے دولت میں جانی لیور اور کپل شرما کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ، جب اداکارہ ایئرپورٹ پہنچی، تو انہوں نے مبینہ طور پر خود کو کرناٹکا پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کی بیٹی ظاہر کیا اور پولیس سے درخواست کی کہ وہ انہیں گھر تک پہنچائیں۔ حکام اب یہ تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا ان کی سرگرمیوں میں کسی قانون نافذ کرنے والے افسران یا سرکاری حکام کا ہاتھ تھا یا نہیں۔

رانیا راؤ کو گرفتاری کے بعد بنگلور میں ڈی آر آئی ہیڈکوارٹرز منتقل کیا گیا ہے، جہاں ان سے مزید پوچھ گچھ کی جائے گی۔

تفتیشی ادارے اس بات کا تعین کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا وہ اس غیر قانونی سرگرمی میں انفرادی طور پر ملوث تھیں یا دبئی اور بھارت کے درمیان کسی بڑے اسمگلنگ نیٹ ورک کا حصہ تھیں۔

یاد رہے کہ رانیا راؤ کو 2014 میں ریلیز ہونے والی کناڈا فلم مانیکیا میں کناڈا کے سپر اسٹار سودیپ کے مقابلے میں اہم کردار ادا کرنے کے بعد شہرت ملی۔ اس کے علاوہ، انہوں نے کئی ساؤتھ انڈین فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

Bollywood

entertainment

lifestyle

شخصیات