دورہ نیوزی لینڈ کیلئے پاکستان ٹیم کا اعلان، سلمان علی آغا ٹی 20 کے کپتان مقرر
پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے ون ڈے اور ٹی 20 اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا جبکہ سلمان علی آغا کو پاکستان کی ٹی 20 ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا۔
دورے نیوزی لینڈ سے قبل قومی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں بڑی بڑی تبدیلیاں کردی گئی ہیں اور بڑے ناموں کو مختلف فارمیٹ میں تقسیم کردیا گیا۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے اسکواڈ کا اعلان کیا اور بتایاکہ ون ڈے کے کپتان محمد رضوان ہی ہوں گے جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں ان کی جگہ سلمان علی آغا ٹیم کی قیادت کریں گے اور شاداب خان نائب کپتان ہوں گے۔
سلمان اور شاداب کو بالترتیب ٹی ٹوئنٹی کپتان اور نائب کپتان مقرر کرنے کا فیصلہ آنے والے دو بڑے ٹورنامنٹس مینز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2025 (ستمبر 2025) اور آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ( فروری مارچ 2026 ) کو دیکھتے ہوئے کیا گیا۔
ون ڈے اسکواڈ
ون ڈے اسکواڈ میں محمد رضوان (کپتان)، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، عاکف جاوید، بابر اعظم، فہیم اشرف، امام الحق، عرفان خان نیازی، خوشدل شاہ، محمد علی، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، سفیان مقیم اور طیب طاہر شامل ہیں۔
اوپنر فخر زمان اور صائم ایوب کو طبی مشورے پر دونوں فارمیٹ کے لیے زیر غور نہیں لایا گیا۔
ٹی 20 اسکواڈ
ٹی 20 اسکواڈ میں سلمان علی آغا (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عباس آفریدی، عبدالصمد، ابرار احمد، حارث رؤف، حسن نواز، عرفان خان نیازی، جہانداد خان، خوشدل شاہ، محمد علی، محمد حارث، عمیر بن یوسف، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم اور عثمان خان ہیں۔
پاکستان ٹیم کے ون ڈے اور ٹی 20 کپتان کا فیصلہ ہوگیا
پاکستان ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیموں کے کپتان کا فیصلہ ہوگیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ محمد رضوان ہی ون ڈے ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ سلمان علی آغا کو پاکستان ٹی 20 ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق محمد رضوان اور بابراعظم کو مختصر فارمیٹ سے ڈراپ کردیا گیا، آل راؤنڈر شاداب خان کی پاکستان ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
لاہور میں ٹی 20 کپتان سلمان آغا نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٹی 20 ٹیم کا کپتان بننا میرے لیے فخر کی بات ہے۔
اس سے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے پاکستانی اسکواڈ اور منیجمنٹ پر مشاورت مکمل کرلی۔
ذرائع کے مطابق عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید کو دورہ نیوزی لینڈ میں عہدے پر برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا بتانا تھا کہ ون ڈے اسکواڈ میں محمد رضوان کپتان برقرار رہیں گے اور ٹیم میں چند تبدیلیاں متوقع ہے جبکہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں کپتان سمیت بڑی تبدیلیاں ہونے جارہی ہیں۔
ذرائع نے بتایا تھا شاداب خان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی کے مضبوط امیدوار ہیں، زمبابوے کے دورے پر بھی محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان نہیں تھے، سلمان آغا نے کپتانی کی تھی۔
Comments are closed on this story.