آرمی چیف کے ملکی معاملات میں مداخلت کا تاریخ بتائے گی، شاہدخاقان عباسی
سابق وزیر اعظم اور عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نےکہا ہےکہ ہمیں اسلام آباد کے ہوٹل میں قومی کانفرنس کرنے سے حساس اداروں اور پولیس نے روکا، اس میں حکومت کا قصور نہیں، اسے شاید پتا ہی نہ ہو، اس کے پاس کوئی اختیار ہی نہیں ہے، یہ ہائیبرڈ حکومت ہے، آرمی چیف کے ملکی معاملات میں مداخلت کا تاریخ بتائے گی۔
آج ٹی وی کے پروگرام ’اسپاٹ لائٹ‘ کی میزبان منیزے جہانگیر سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نےکہا ہے کہ ماضی میں عمران خان بھی ہائیبرڈ حکومت چلاتے تھے، ہمیں گرفتار کیا گیا، بعد میں بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ مجھے نہیں پتا، یہ سب باجوہ نے کیا، سابق آرمی چیف نے بات ان پر ڈال دی۔
عمران خان کے امریکا کو لکھے گئے خط کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ملکی معاملات کو ملک میں ہی حل ہونا چاہیے، امریکا کا یہ کام نہیں کہ آکر دیکھے کہ ہمارا ملک آئین کے مطابق چل رہا ہے یا نہیں، سیاسی لوگوں نے بات کرنا ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی بھی اسی راستے سے اقتدار میں آئے، عمران خان کو چاہیے کہ اب سوچیں میں نے کتنی بار آئین توڑا، میں نے کتنا رول آف لا توڑا، میں نے کون سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی، ان سب چیزوں سے سبق حاصل کریں۔
عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی بدقسمتی ہے کہ انہوں نے ایسے دگنے کام کر دیئے ہیں کہ لوگ عمران خان کو بھول چکے ہیں، حکمرانوں نے 2018 کے بعد اسٹیبلشمنٹ کو بہت زیادہ اسپیس دی۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان میں بہت سے لوگ بغیر پارٹی کے سینیٹر بن جاتے ہیں، بلوچستان کے ایک صاحب بغیر کسی جماعت کے دوبار چیئرمین سینیٹ بھی بن گئے، یہ تماشے ہوتے رہیں گے، پی ٹی آئی کو ملکی مسائل پر آواز اٹھانا چاہیے۔
Comments are closed on this story.