کسٹمز اہلکاروں کی ایکسائز کے اہلکاروں پر چڑھائی، زبردستی گاڑی اور افسر کو چھڑا لے گئے
کراچی میں سی ویو پر چیکنگ کے دوران ایکسائز عملے نے کسٹم افسر کی گاڑی کو روکا تو اس نے اپنے دفتر کے اہلکاروں کو بلالیا جو زبردستی کسٹم افسر اور اسکی گاڑی کو چھڑا کرلے گئے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے روڈ چیکنگ مہم کے دوران سی ویو پرایکسائز عملے نے سرکاری گاڑیوں کو روک لیا۔
کسٹم افسران نے مدد کے لیے کسٹم اہلکاروں کو بلا لیا جس کے بعد کسٹمز اہلکاروں نے ایکسائز اہلکاروں پر چڑھائی کردی۔
کسٹمز اہلکار زبردستی گاڑی اور کلکٹر کو چھڑا کر لے گئے، اطلاعات کے مطابق کسٹم اہلکاروں نے ایکسائز عملے کو دھکے اور گالیاں دیں۔ سینئر کسٹم افسر اپنی گاڑی بھگا کر لے گئے۔
واضح رہے کہ کراچی میں کسٹمز کے زیر استعمال گاڑیوں کے خلاف محکمہ ایکسائز کی کارروائیاں جاری ہیں،غیر قانونی نمبر والی 5 گاڑیاں ضبط کرلیں۔
محکمہ کسٹمز کے کچھ افسران کی جانب سے جعلی سرکاری نمبر پلیٹس لگا کر گاڑیاں چلانے کا انکشاف ہوا، محکمہ ایکسائز نے دو روز میں کارروائیاں کر کے 5 گاڑیاں ضبط کیں۔
صوبائی وزیر ایکسائز سندھ مکیش چاؤلہ نے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کسٹم کے کچھ افسران ٹمپرڈ چیسسز نمبر والی گاڑیاں استعمال کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے جعلی سرکاری نمبر والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صوبے بھرمیں کسی کو بھی اجازت نہیں کہ چیچس پنچڈ اور جعلی نمبر پلیٹ کی گاڑیاں استعمال کریں، غیر رجسٹرڈ، ٹرانسفر لیٹرز، اور جعلی نمبر گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔
مکیش چاؤلہ کا کہنا تھا کہ محکمہ ایکسائز سندھ موٹر وہیکل ٹیکس نادہندگان کے خلاف بھرپور مہم شروع کر رہا ہے۔
Comments are closed on this story.