Aaj News

بدھ, اپريل 09, 2025  
10 Shawwal 1446  

یورپی سربراہان کا جنگ جاری رہنے تک یوکرین کی فوجی امداد پر اتفاق

یورپ کو دوبارہ مسلح ہوکرامریکا کو دکھانا ہوگا، یورپی کمیشن کی صدرکا اجلاس سے خطاب
شائع 03 مارچ 2025 04:40pm

یورپی کمیشن کی صدر کا کہنا ہے کہ یورپ کو دوبارہ مسلح ہوکرامریکا کو دکھانا ہوگا کہ وہ اپنے دفاع کے لیے تیارہیں۔ یوکرینی صدر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ معدنیات کے معاہدے کیلئے تیار ہیں، یقین ہے امریکا کے ساتھ ہمارے تعلقات جاری رہیں گے۔

لندن میں اٹھارہ یورپی ممالک کے اجلاس میں یورپی کمیشن کی صدر نے خطاب میں کہا امریکا کو خبردار کیا ہے کہ یورپ کو دوبارہ مسلح ہو کر امریکا کو دکھانا ہوگا کہ وہ اپنے دفاع کے لیے تیار ہے۔

یوکرین کی حمایت میں منعقدہ اجلاس میں رہنماؤں نے وائٹ ہاؤس میں کشیدگی کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، فرانس اور برطانیہ نے یوکرین میں ایک ماہ کی جنگ بندی کی تجویز پیش کی۔

یورپی سربراہان نے جنگ جاری رہنے تک یوکرین کی فوجی امداد پر اتفاق کیا۔ برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے کہا برطانیہ، فرانس اور دیگر ممالک یوکرین کے ساتھ جنگ روکنے کے منصوبے پر کام کریں گے، جسے امریکا کے سامنے پیش کریں گے، یوکرین کی سلامتی میں ہی پورے براعظم یورپ کا استحکام ہے۔

زیلنسکی کا برطانوی میڈیا کوانٹرویو

یوکرین کے صدر زیلنسکی نے یورپی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس کے بعد برطانوی میڈیا کو انٹرویو میں کہا کہ امریکا کے ساتھ معدنیات کے معاہدے کیلئے تیار ہیں، یقین ہے امریکا کے ساتھ ہمارے تعلقات جاری رہیں گے۔

ہمیں یورپ کی مکمل حمایت حاصل ہے، انتہائی اعلیٰ سطح پر یورپی اتحاد طویل عرصے سے نہیں دیکھا گیا، ٹرمپ کے حامی رہنماؤں نے صدر زیلنسکی پر زور دیا کہ وہ روس کے ساتھ جنگ میں اپنا موقف تبدیل کریں یا مستعفی ہوجائیں۔

روسی وزیرخارجہ کا ردِ عمل

ادھر روسی وزیرخارجہ نے یوکرین جنگ کے خاتمے کی کوششوں پر امریکی صدر ٹرمپ کی تعریف کی اور یورپی رہنماؤں پر الزام عائد کیا کہ وہ روس یوکرین جنگ کو طول دینے کی کوشش کررہے ہیں۔

یوکرینی صدر کیساتھ نامناسب رویے پرامریکی عوام کا احتجاج

یوکرینی صدر کے ساتھ نائب صدر کے نامناسب رویے پر امریکی عوام سراپا احتجاج رہے، جے ڈی وینس اسکی اینگ کرنے پہنچے تو مظاہرین بھی پہنچ گئے۔

وینس جاؤ جا کر روس میں اسکی اینگ کرو کے نعرے لگائے، نائب صدر اہل خانہ کے ساتھ چھٹیاں منانے نکل گئے، جگہ سے متعلق تفصیلات بھی خفیہ رکھی گئی ہیں۔

دوسری جانب نیویارک، لاس اینجلس اور بوسٹن میں ٹیسلا اور اسپیس ایکس کی فیکٹری کے باہر ٹرمپ کے مشیر ایلون مسک کے خلاف بھی احتجاج کیا گیا، پولیس نے متعدد مظاہرین کو دھر لیا۔

European Union Commission

Amrica

Zelensky arrived in london