Aaj News

جمعہ, مارچ 14, 2025  
13 Ramadan 1446  

بانی پی ٹی آئی کی گزشتہ چھ ماہ میں صرف 4 مرتبہ بچوں سے بات ہوئی ہے، شیخ وقاص اکرم

حکومت بانی پی ٹی آئی کو قید تنہائی میں رکھ کر کیا حاصل کرنا چاہتی ہے؟ شیخ وقاص اکرم
شائع 03 مارچ 2025 12:20pm

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے پارٹی چیئرمین کی ملاقاتوں پر پابندیوں اور حکومتی رویے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ حکومت بانی پی ٹی آئی کو قید تنہائی میں رکھ کر کیا حاصل کرنا چاہتی ہے؟ پی ٹی آئی کو یہ کسی صورت برداشت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ میں صرف ایک ملاقات کی اجازت دی گئی، جبکہ عدالتی فیصلے کے باوجود ملاقاتوں پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالتی احکامات کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے، جس پر ہم دوبارہ ہائیکورٹ سے رجوع کر چکے ہیں، لیکن معاملات سست روی کا شکار ہیں۔ یہاں تک کہ وزیر اعلیٰ کو بھی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، اور پاکستان کے سینئر وکلاء کو بھی ان سے ملنے نہیں دیا جا رہا۔

شیخ وقاص نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو صرف مخصوص وکلاء سے ملاقات کی اجازت دی جاتی ہے، جبکہ اخبارات تک روک لیے جاتے ہیں، جنہیں عدالت کے ذریعے بحال کروایا جاتا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ گزشتہ چھ ماہ میں صرف چار بار ان کے بچوں سے بات کروائی گئی، اور کہا کہ پنجاب حکومت یہ سب کر کے کیا حاصل کرنا چاہتی ہے؟

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے قانونی دستخط لینے میں بھی دشواری کا سامنا ہے، جو عدالتی احکامات کی صریح خلاف ورزی ہے۔ اگر اس معاملے میں عدالت کے احکامات نظر انداز کیے جا رہے ہیں تو بڑے معاملات پر کیسے عمل درآمد ہوگا؟

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا میڈیکل چیک اپ تو ہوتا ہے، لیکن ہم عدالت سے درخواست کریں گے کہ ان کا طبی معائنہ مزید تسلسل سے اور ان کے ذاتی معالج کے ذریعے کیا جائے۔ بانی پی ٹی آئی کوئی خصوصی رعایت نہیں مانگ رہے، بلکہ قیدی کے بنیادی حقوق کا مطالبہ کر رہے ہیں، لیکن ان پر صرف دباؤ ڈالنے کے لیے یہ سب کیا جا رہا ہے۔

وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے شیخ وقاص نے کہا کہ ہمارے دور میں احساس پروگرام کے تحت 15 ہزار روپے دیے جاتے تھے، لیکن آج پانچ گنا زیادہ مہنگائی کے باوجود حکومت کے پاس اپنی تشہیر کے لیے اربوں روپے ہیں۔ رمضان پیکج پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کا رمضان پیکج ایک مذاق بن چکا ہے، جس کا فائدہ عام عوام کو نہیں ہو رہا۔

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Sheikh Waqas Akram