ماہِ رمضان میں ورزش کو اپنے معمولات میں کیسے شامل کریں؟
رمضان کا مہینہ روحانی اور جسمانی صفائی کا مہینہ ہے، اور بہت سے مسلمان اس دوران ورزش کی اہمیت سمجھتے ہیں، لیکن روزے کی حالت میں ورزش کرنا ایک چیلنج بن سکتا ہے۔
خالی پیٹ، پانی کی کمی، اور نیند کی کمی کے باعث جسم کی توانائی کم ہو جاتی ہے، جس سے ورزش کرنا مشکل محسوس ہو سکتا ہے۔ اسی وجہ سے رمضان میں زیادہ تر افراد ورزش سے گریز کرتے ہیں یا پھر اپنے معمولات کو ایڈجسٹ کر لیتے ہیں تاکہ روزے کے اثرات سے بچا جا سکے۔
رمضان 2025: سحری میں کیا کھائیں اورکسے نظر انداز کریں؟
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ رمضان کے دوران ورزش کے فوائد بھی ہیں، خاص طور پر اگر آپ ورزش کو صحیح طریقے سے اور مناسب وقت پر کریں۔ روزہ رکھنے سے جسم میں خود بخود کیلوریز کی کمی ہوتی ہے اور وزن کم ہونے کی ممکنات بڑھ جاتی ہیں، لیکن اگر اس دوران صحیح ورزش کی جائے تو یہ عمل مزید موثر ثابت ہو سکتا ہے۔ اس کے باوجود، روزے کی حالت میں زیادہ سخت ورزش کرنے سے گریز کرنا چاہیے تاکہ جسم پر غیر ضروری دباؤ نہ پڑے۔
ورزش کا صحیح وقت
روزے کے دوران ورزش کے لیے بہترین وقت وہ ہوتا ہے جب آپ کا جسم تازہ دم اور توانائی سے بھرپور ہو۔ ماہرین کا مشورہ ہے کہ افطار سے پہلے ہلکی ورزش جیسے واک یا چہل قدمی کرنا مناسب ہوتا ہے۔ اس دوران جسم میں پانی کی کمی نہیں ہوتی اور توانائی کی سطح بھی بہتر رہتی ہے۔ اگر آپ افطار کے بعد ورزش کرنا چاہتے ہیں، تو اس کا بہترین وقت وہ ہوتا ہے جب آپ نے کھانا کھا لیا ہو اور جسم میں توانائی آ چکی ہو۔ افطار کے بعد ورزش کرنے سے نہ صرف جسم کی توانائی بحال ہوتی ہے بلکہ آپ کا دوران خون بھی بہتر ہوتا ہے۔
ورزش کے دوران احتیاطی تدابیر
ورزش کا دورانیہ
30 سے 50 منٹ کی ورزش کرنی چاہیے۔ زیادہ دیر تک ورزش کرنے سے جسم زیادہ تھکاوٹ کا شکار ہو سکتا ہے، خاص طور پر جب آپ روزے کی حالت میں ہوں۔
ہلکی ورزش کو ترجیح دیں
سیر یا سائیکلنگ جیسی ہلکی ورزشوں کو اپنی روٹین میں شامل کریں، اور پش اپس یا میٹ ایکسرسائز جیسے آسان ورزشوں کو اپنائیں تاکہ جسم پر زیادہ دباؤ نہ پڑے۔
پانی اور الیکٹرولائٹس کا خیال رکھیں
افطار اور سحر کے درمیان پانی کی زیادہ مقدار پئیں تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔ ناریل کا پانی یا سمندری نمک کے ساتھ پانی پینے سے الیکٹرولائٹس کی کمی پوری کی جا سکتی ہے، جو کہ جسم کی کارکردگی کے لیے ضروری ہیں۔
غذائی احتیاط
تلی ہوئی اور چکنی غذائیں کھانے سے پرہیز کریں کیونکہ یہ ورزش کے اثرات کو کم کر دیتی ہیں۔ زیادہ صحت مند اور متوازن غذا جیسے سبزیاں، پروٹین اور کم کیلوریز والی غذا کھائیں تاکہ آپ کی ورزش سے زیادہ فائدہ ہو۔
کمزوری محسوس ہونے پر ورزش کو روک دیں
اگر ورزش کے دوران کمزوری محسوس ہو یا تھکاوٹ بڑھ جائے، تو فوراً ورزش روک دیں اور اپنے جسم کو آرام دیں۔
وزن کم کرنے کے لئے رمضان کے دوران عادات
رمضان میں وزن کم کرنے کے لئے روزہ کا ایک اہم کردار ہے، لیکن اس کے ساتھ ساتھ صحت مند عادات کا اپنانا ضروری ہے۔ رمضان میں اگر آپ ورزش کرتے ہیں تو یہ آپ کی جسمانی صحت کو بہتر بنانے کے ساتھ وزن کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
اپنی خوراک اور ورزش کی روٹین میں اعتدال کو برقرار رکھ کر آپ نہ صرف صحت مند رہ سکتے ہیں بلکہ رمضان کے روحانی فوائد سے بھی بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
Comments are closed on this story.