Aaj News

جمعہ, اپريل 18, 2025  
19 Shawwal 1446  

رمضان 2025: سحری میں کیا کھائیں اورکسے نظر انداز کریں؟

سحری کا مقصد روزہ رکھنے والے کو دن بھر کی مشقت کے لئے توانائی فراہم کرنا ہوتا ہے
شائع 03 مارچ 2025 08:08am

رمضان کا مقدس مہینہ ایک روحانی تجدید کا وقت ہوتا ہے، جو دنیا بھر کے مسلمانوں کو خود پر قابو پانے، عبادات میں مشغول ہونے اور اپنے ایمان کے ساتھ جڑنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

رمضان اسلامی مہینوں میں نواں مہینہ ہے اور اس میں قرآن پاک پہلی بار نازل ہوا تھا۔ اس مہینے میں روزہ رکھنا فرض ہے، اور اس دوران مسلمان سحری اور افطاری کے مخصوص اوقات میں کھانے پینے سے پرہیز کرتے ہیں۔

رمضان اسپیشل: آج کی افطاری چکن لالی پاپ کے ساتھ کریں

سحری ایک اہم موقع ہوتا ہے، جو فجر سے پہلے کھایا جانے والا کھانا ہے۔ اس کھانے کا مقصد روزہ رکھنے والے کو دن بھر کی مشقت کے لئے توانائی فراہم کرنا ہوتا ہے۔ کچھ لوگ اس وقت مختلف لذیذ پکوانوں کا لطف اٹھاتے ہیں جیسے سوپ، نہاری، برین کری، شیرمال اور روٹیاں، جو چائے یا دودھ کے ساتھ کھائی جاتی ہیں اور آخر میں کھیر یا سویاں پیش کی جاتی ہیں۔

اسلامی ثقافت میں سحری کے دوران مختلف روایات اور پکوان ہیں۔ خاص طور پر ہمارے ملک میں پھینی کو سحری کے کھانے کی ایک مشہور ڈش کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔ پھینی آٹے، مکھن اور سوجی سے بنائی جاتی ہے، اور اس میں مختلف اقسام ہو سکتی ہیں جیسے لچھا پھینی یا انڈے والی پھینی۔ یہ پکوان دودھ میں بھگو کر چینی کے ساتھ کھایا جاتا ہے، اور بہت ذائقہ دار سمجھا جاتا ہے۔

افطار میں سب سے پہلے کھجور کیوں کھائی جاتی ہے؟

تاہم، وقت کے ساتھ لوگوں کا طرز زندگی بدل چکا ہے، اور اب صحت کے بارے میں زیادہ آگاہی پائی جاتی ہے۔ پہلے کے مقابلے میں سحری میں زیادہ ہلکے اور صحت بخش کھانے جیسے چائے، بسکٹ، جئی یا انڈے کا استعمال بڑھ چکا ہے۔ اس کے علاوہ، لوگ کھانے کے بعد فوراً سونے کے بجائے ہلکے کھانے کو ترجیح دیتے ہیں تاکہ جسم کو دن بھر کے روزے کے لئے توانائی فراہم ہو سکے۔

اگرچہ سحری کے کھانے کی ایک بھرپور قسم ہے، لیکن صحت کے ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ سحری میں خوراک کو متوازن رکھا جائے تاکہ دن بھر کی روزہ داری میں جسم کو ضروری توانائی مل سکے۔

رمضان 2025: سحری کے دوران آپ کے مینو میں یہ کھانے ضرور شامل کریں

زیادہ کاربوہائیڈریٹس والی غذائیں: روٹی، چاول اور آلو جیسے کھانے پیچیدہ کاربوہائیڈریٹس سے بھرپور ہوتے ہیں اور ان کو ہضم ہونے میں وقت لگتا ہے۔ یہ آپ کی توانائی کی سطح کو برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ بہت زیادہ مصالحے والی غذاؤں سے پرہیز کریں کیونکہ یہ سینے کی جلن اور بدہضمی کا باعث بن سکتی ہیں۔

فائبر سے پر پھل اور اناج

سحری کے مینو میں ان غذاؤں کو شامل کرنا ضروری ہے۔ سیب، کیلا، اور خوبانی جیسے پھل فائبر سے بھرپور ہوتے ہیں اور اسی طرح جو، چنے اور جئی جیسے اناج بھی ہیں۔ فائبر قبض کو روکنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

غذائیت کے ماہرین کے مطابق، سحری کے دوران آپ کے کھانے کا 30 سے 40 فیصد حصہ پروٹین پر اور باقی حصہ کاربوہائیڈریٹس پر مشتمل ہونا چاہیے۔ لیکن اگر ہم زیادہ پروٹین یا فائبر کھاتے ہیں تو یہ دن کے دوران ہمیں زیادہ پیاسا کر سکتا ہے کیونکہ پروٹین اور فائبرکو ہضم ہونے کے لیے پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔

دودھ اور دالوں سے پروٹین حاصل کریں

سحری کے دوران دودھ، انڈے، چکن، دہی اور دالوں سے پروٹین کا استعمال کریں تاکہ آپ کا مدافعتی نظام مضبوط رہے۔ میکس ہیلتھ کیئر کی چیف نیوٹریشنسٹ ڈاکٹر گیتا بیورک کہتی ہیں، ”آپ کے کھانے میں اناج اور پروٹین کا بہترین امتزاج ہونا چاہیے۔ عام طور پر، سحری کے کھانے میں 60-80 گرام پروٹین شامل کرنا چاہیے۔“

ایسی غذائیں جو زیادہ دیر تک آپ کو بھوک کا احساس نہ ہونے دیں

ایسی غذائیں جو کم گلیسیمک انڈیکس والی ہوں، آپ کو زیادہ دیر تک سیر رکھتی ہیں اور تھکن کو دور کرتی ہیں۔ ان میں گری دار میوے، بیج، فائبر والی غذائیں اور شوربے والے سوپ شامل ہیں۔ بیشتر گھروں میں گندم کی روٹیاں، سلاد اور پھلوں کے ساتھ ایک مکمل کھانا پیش کیا جاتا ہے، جو آہستہ آہستہ ہضم ہوتا ہے اور آپ کو زیادہ دیر تک سیر رکھتا ہے۔

ہائیڈریٹ کرنے والی غذائیں اور مشروبات

رمضان کے دوران زیادہ چائے یا کافی پینے سے پرہیز کریں کیونکہ کیفین پانی کے نقصان کا سبب بنتی ہے جس سے پیاس بڑھ سکتی ہے۔ میٹھے مشروبات یا کھانے کو زیادہ نہ کھائیں کیونکہ یہ تیزی سے ہضم ہوتے ہیں اور جلدی بھوک لگوا سکتے ہیں۔ اس کے برعکس، تازہ پھل، جوس اور پانی والی سبزیاں آپ کو ہائڈریٹ رکھیں گی۔

ناریل کا پانی الیکٹرولائٹس کا بہترین ذریعہ ہے جو پانی کی کمی کو پورا کرتا ہے۔ ٹھنڈے کھانے جیسے کھیرے، انناس، ٹماٹر، سنترے، تربوز اور پیاز بھی جسم کی گرمی کو کم کرنے میں مددگار ہیں۔

غرضیکہ رمضان میں سحری اور افطاری کے وقت کھانے کا انتخاب انتہائی اہم ہوتا ہے۔ سادہ، متوازن اور صحت بخش کھانے سے نہ صرف روزے کے دوران توانائی برقرار رکھی جا سکتی ہے بلکہ رمضان کے روحانی فوائد بھی حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

lifestyle

Ramadan 2025

Ramadan Health