پارا چنار میں راستوں کی بندش کے خلاف شہری سراپا احتجاج، اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان پر
پارا چنار میں راستوں کی بندش کے خلاف شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیدیا، علاقے میں مہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا، اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پارا چنار میں راستوں کی بندش کے خلاف شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے پریس کلب کے سامنے دھرنا دے دیا۔
مظاہرین نے کہاکہ رمضان المبارک میں بھی اشیا کی شدید قلت کا سامنا ہے، حکومت راستے کھلوانے میں تاحال ناکام ہے، پانچ ماہ سے بند راستوں کو فوری کھولا جائے۔
دوسری جانب پارا چنار مہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا ہے، عمائدین کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے باوجود ٹل پارا چنار مین شاہراہ نہ کھل سکی۔
تاجر برادری کا کہنا ہے کہ راستوں کی بندش کے باعث اشیائے ضروریہ ناپید ہیں، ضروریات زندگی کی عدم دستیابی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
شہریوں نے کہا کہ شہر میں آٹا، گھی، چینی، تیل سمیت دیگر اشیاء نہیں مل رہی ہیں، بھنڈی اور مٹر850 ، ٹماٹر 500 روپے، پیاز 250، لہسن 1600، آلو 170 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شہر میں کینو فی درجن 800 سے 1ہزار روپے، امرود 600 روپے فی کلو کے حساب سے بیچے جارہے ہیں۔
پارا چنار میں پٹرول اور ڈیزل بلیک میں ہزار روپے سے لیکر 1200 روپے میں فروخت ہورہا ہے، غریب عوام اور متوسط طبقہ ضروری چیزیں خریدنے سے قاصر ہے۔
یاد رہے کہ کرم میں ٹل پارا چنار مرکزی شاہراہ کی بندش کو پانچ ماہ سے زائد ہوگئے ہیں، شاہراہوں کی بندش سے اشیائے ضروریہ کا فقدان ہے اور شہری فاقوں پر مجبور ہیں۔
پٹرول اور ڈیزل کی قلت، بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باعث شہریوں کو پانی کی فراہمی میں بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
Comments are closed on this story.