Aaj News

بدھ, اپريل 30, 2025  
03 Dhul-Qadah 1446  

ٹرمپ روس اور یوکرین کی جنگ کا جلد خاتمہ چاہتے ہیں، ڈاکٹر ملیحہ لودھی

پیپلز پارٹی نے سندھ کے وسائل پر سودے بازی کی ہوئی ہے، ایاز لطیف پلیجو کی آج ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو
اپ ڈیٹ 01 مارچ 2025 11:30pm

سابق سفارت کار ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبالغہ آرائی والے بیانات دینے کی عادت ہے، اصل ایشو یہ ہے کہ اب کیا ہوگا؟ اس بات سے لگتا ہے کہ ٹرمپ اب جلد از جلد روس اور یوکرین کی جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں، ان کو اس بات کی پرواہ نہیں ہے کہ یورپین اس پر کیا موقف رکھتے ہیں یا یوکرین کے صدرکا کیا موقف ہے؟

آج ٹی وی کے پروگرام ’دس‘ کے میزبان عمران سلطان سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ امریکی صدر نے جس طرح اپنے یوکرینی ہم منصب کو بے عزت کیا، ان کو جھاڑا، تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی ہے، ایک ریاست کے سربراہ سے ایسا رویہ کبھی نہیں دیکھا، مسئلہ یہ ہے ٹرمپ چاہتے ہیں کوئی ڈیل ہو، جس سے جنگ ختم ہو، لیکن کیا روس بھی چاہتا ہے کی جنگ ختم ہوجائے؟

انہوں نے کہا کہ لندن میں اتوار کے دن ہونے والے سمٹ میں درجن سے زائد یورپی ممالک کے نمائندے شریک ہوں گے، اب دیکھنا یہ ہے کہ یورپ وہاں پر کیا موقف اخیار کرتا ہے؟ کیا وہ یکجہتی کا مظاہرہ کرے گا یا ایسی شرائط سامنے رکھے گا کہ ٹرمپ اس پرآمادہ ہوں، یہ سوالسب سے بڑا ہے، جس کا جواب ہمیں کچھ گھنٹوں بعد ملے گا۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ ٹرمپ کی باتوں سے تو یہی لگتا ہے وہ جو امن چاہتے ہیں وہ روس کی شرائط پر ہوگا، انہوں نے اپنے بیانات سے یہ تاثر دیا ہے کہ اگر امن معاہدہ ہوا تو روس کو کچھ نہیں دینا پڑے گا، ابھی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں، ابھی تو یہ لگتا ہے کہ امریکی صدر نے اس مسئلے پر یورپ کی بلکل نہیں سنی ہے۔

صدر قومی عوامی تحریک ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ کوٹری بیراج میں اس وقت ریت اڑ رہی ہے، سمندر کراچی، سجاول، بدین اور ٹھٹھہ کو نگل رہا ہے، 6 کینالز پنجاب کے لئے ہیں، سسٹم میں پانی نہیں ہے، اس وقت پوری دنیا میں پانی کا بحران ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کی آباد زمینوں کو غیر آباد کرکے چولستان کی بنجر زمینوں کو آباد کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، سرسبز زمینوں پر پلاٹس بنائے جا رہے ہیں، وفاقی حکومت نے پہلے کون سے معاہدوں پرعمل کیا ہے؟

ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور وفاقی حکومت ایک ہیں، شہباز شریف اور آصف زرداری کی معاونت اور مرضی سے نہروں کا سارا معاملہ ہو رہا ہے، پی پی نے اگلی وفاقی حکومت کے لئے سندھ کے وسائل پر سودے بازی کی ہوئی ہے، صوبے میں اسوقت قحط کی صورتحال ہے، سندھ کو سمندر کے حوالے کیا جا رہا ہے۔

AAJ NEWS

Aaj News program

TV Show

aaj Tv