Aaj News

بدھ, اپريل 23, 2025  
24 Shawwal 1446  

رمضان کی سحری: مشرق وسطیٰ میں روایت، ثقافت اور ذائقوں کا حسین امتزاج

عرب دنیا میں سحری کی لذیذ ڈشز اور دلچسپ کھیل، جو آپ کو حیران کردیں گے
شائع 01 مارچ 2025 11:58am

جیسے ہی رمضان کی برکتیں آتی ہیں، مشرق وسطیٰ سحری کی انمول روایات سے جگمگا اٹھتا ہے، کہیں یہ سادہ کھجور اور دودھ سے شروع ہوتی ہے، تو کہیں ایک شاندار ضیافت میں تبدیل ہو جاتی ہے۔

چلیے آپ کو مختلف ممالک کی دلچسپ سحری روایات کے بارے میں بتاتے ہیں!

سب سے پہلے بات کرتے ہیں سعودی عرب کے کلچر کی، سعودی عرب میں سحری کبھی ہلکی پھلکی ہوتی ہے، جیسے کھجور اور لبن (روایتی لسی)، اور کبھی بھرپور دسترخوان سجایا جاتا ہے، جس میں کبسا شامل ہوتا ہے جیسے ہمارے یہاں بریانی ہوتی ہے۔

لیکن سب سے منفرد روایت ہے اونٹنی کے دودھ کا استعمال، جسے اکثر شہد کے ساتھ پیا جاتا ہے، تاکہ دن بھر توانائی برقرار رہے۔

مصر میں سحری کے لیے مسحراتی (سحری کے لیے جگانے والے) کی صدا گلیوں میں گونجتی ہے، ڈھول بجاتے اور نام لے کر جگانے والے مسحراتی کی آواز سحری کا خاص حصہ ہے۔

مصریوں کے دسترخوان پر فُول مدّمس جو کہ لوبیا کا سالن ہوتا ہے، طعمیہ مصری فلافل اور روٹی عام ہے۔ مگر سب سے منفرد ہے تربوز اور سفید پنیر کا وہ امتزاج، جو سننے میں عجیب لگتا ہے لیکن ذائقہ کمال کا ہوتا ہے!

اب بات کرتے ہیں عراق کی، عراق میں سحری سے پہلے رات بھر محفلیں جمی رہتی ہیں، جہاں محیبس نامی روایتی کھیل کھیلا جاتا ہے۔ یہ ایک انوکھا کھیل ہے جس میں ایک انگوٹھی کسی کے ہاتھ میں چھپائی جاتی ہے، اور مخالف ٹیم اسے ڈھونڈنے کی کوشش کرتی ہے۔ ہارنے والوں کو بقلاوہ (مٹھائی) کھلانی پڑتی ہے!

ایسی بھرپور رات کے بعد، سحری میں عراقی روایتی روٹی سمون، قیمر (ملائی)، شہد، اور کھجوروں کے ساتھ انرجی بحال کی جاتی ہے۔

اے آئی نے رمضان کیلئے بہترین غذائی نظام بتا دیا

لبنان میں سحری مزیدار اور متوازن ہوتی ہے، جہاں مناقیش (زعتر یا پنیر کے فلیٹ بریڈ) اور کشک (خمیر شدہ دہی اور گیہوں) جیسے پکوان عام ہیں۔ لیکن اصل مزہ ہوتا ہے قلاچ، ایک مزیدار کریم بھری پیسٹری، اور عاطایف جو ایک روایتی پین کیک ہے جو اکثر افطار پر کھایا جاتا ہے لیکن سحری میں بھی جگہ بنا لیتا ہے۔

رمضان میں لبنان کی سحری کا ایک اور خاص پہلو رمضان ٹینٹ ہیں، جہاں کھانے کے ساتھ ساتھ لائیو میوزک اور نرگِلا یعنی شیشہ بھی چلتا ہے۔

مراکش میں سحری کے لیے اکثر حریرہ سوپ کو ترجیح دی جاتی ہے، جو ٹماٹر اور دالوں سے بنایا جاتا ہے، اور اس کے ساتھ مسمن (روایتی روٹی) اور تازہ پودینے کی چائے ہوتی ہے۔

لیکن سب سے خاص روایت ہے ”نفار“ کی، یہ ایک شخص ہوتا ہے جو روایتی لباس میں ملبوس، بانسری بجاتے ہوئے لوگوں کو جگاتا ہے۔

Ramadan 2025

Ramadan Culture

Arab Culture