320 کروڑ سے زائد سالانہ منافع کمانے والی بھارت کی امیر ترین خاتون کسان، کمائی کا طریقہ کیا؟
بھارتی ریاست گجرات کے ضلع راجکوٹ سے تعلق رکھنے والی کسان نیتوبین پٹیل نے زراعت کے میدان میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ”ملینیئر فارمر آف انڈیا ایوارڈز 2024“ میں ”بھارت کی امیر ترین کسان“ کا اعزاز اپنے نام کیا۔ یہ اعزاز حاصل کرنے والی وہ پہلی خاتون ہیں، جس نے انہیں بھارتی زرعی برادری میں ایک بااثر شخصیت بنا دیا ہے۔
نیتوبین پٹیل کی زراعت میں کامیابی کی بنیاد ان کی پائیدار کاشتکاری کے شوق نے رکھی۔ انہوں نے ”امرت کرشی“ اور ”میجیکل مٹی“ جیسی جدید زرعی تکنیکیں متعارف کرائیں، جو نامیاتی اور ماحول دوست اصولوں پر مبنی ہیں۔ ان طریقوں کی مدد سے زمین کی زرخیزی اور فصلوں کی پیداوار کو بغیر کسی نقصان دہ کیمیکل کے استعمال کے بہتر بنایا گیا۔
نیتوبین نے نہ صرف اپنی زراعت میں جدت پیدا کی بلکہ ”سجیون فاؤنڈیشن“ اور ”سجیون لائف“ کے نام سے دو تنظیمیں بھی قائم کیں، جو پائیدار زراعت اور ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہی ہیں۔ ان کے ذریعے وہ اب تک 10 ہزار سے زائد کسانوں کو نامیاتی کاشتکاری کی تربیت دے چکی ہیں، جس نے ہزاروں کسانوں کو کیمیکل فری زراعت کی طرف راغب کیا۔
’وقت کا ضیاع ہے‘، بچوں کو اسکول نہ بھیجنے والے ماں باپ کی انوکھی منطق
ان کی ایک اور قابل ذکر مہم ”پلاسٹک فری راجکوٹ“ ہے، جس کا مقصد پلاسٹک کے فضلے کو کم کرنا ہے۔ اس مہم کے تحت ہر سال 10 ہزار کپاس کے تھیلے تقسیم کیے جاتے ہیں تاکہ لوگوں کو ماحول دوست متبادل اپنانے کی ترغیب دی جا سکے۔ وہ شجرکاری مہم کی بھی قیادت کر رہی ہیں، جس میں ہر سال ایک ہزار درخت لگائے جاتے ہیں، خاص طور پر طلبہ کی شرکت کے ساتھ، تاکہ نئی نسل میں ماحولیاتی تحفظ کا شعور بیدار کیا جا سکے۔
لاہور کے خواجہ سراؤں نے ناچ گانے اور بھیک مانگنے کی بجائے کامیاب شیف بننے کی ٹھان لی
نیتوبین پٹیل کی زرعی کوششوں نے انہیں سالانہ 100 کروڑ بھارتی روپے سے زائد (پاکستانی 320 کروڑ روپے سے زائد) کا منافع کمانے والی کامیاب کسان بنا دیا ہے۔ ان کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ روایتی زراعت کو جدید تکنیکوں کے ساتھ جوڑ کر نہ صرف فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے بلکہ ماحول دوست زراعت کو بھی فروغ دیا جا سکتا ہے۔ ان کی جدوجہد اور لگن کسانوں کے لیے ایک روشن مثال ہے کہ اگر مستقل مزاجی اور جدیدیت کو اپنایا جائے تو پاکستانی زراعت میں بھی غیرمعمولی کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔
Comments are closed on this story.