Aaj News

منگل, مئ 06, 2025  
08 Dhul-Qadah 1446  

مودی حکومت کی ناکام معاشی پالیسیاں، امیر مزید امیر اور غریب مزید غریب ہوگیا

اربوں بھارتی شہریوں کے پاس روزمرہ اخراجات کے لیے پیسے نہیں ہیں، رپورٹ
شائع 01 مارچ 2025 09:26am
تصویر: اے ایف پی
تصویر: اے ایف پی

مودی حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں کے باعث بھارت شدید مالی بحران میں مبتلا ہو چکا ہے، جس کا سب سے زیادہ نقصان غریب اور متوسط طبقے کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔ ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق اربوں بھارتی شہریوں کے پاس روزمرہ اخراجات کے لیے پیسے نہیں ہیں جبکہ امیر طبقہ مزید خوشحال ہو رہا ہے۔

بین الاقوامی وینچر کیپیٹل فرم ”بلوم وینچرز“ کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی معیشت مکمل طور پر عدم توازن کا شکار ہوچکی ہے۔ غربت اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے اور ایک ارب سے زائد بھارتی شہری مالی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مہنگی مصنوعات، لگژری گھروں اور اسمارٹ فونز کی فروخت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ امیر طبقہ مزید دولت مند ہو رہا ہے جبکہ غریب عوام بنیادی ضروریات سے بھی محروم ہوتے جا رہے ہیں۔ بھارتی معیشت میں پیدا ہونے والا یہ خلا مسلسل بڑھ رہا ہے۔

”مارسیلوس انویسٹمنٹ مینیجرز“ کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی مڈل کلاس شدید مالی دباؤ میں ہے اور 50 فیصد بھارتی متوسط طبقے کی آمدنی جمود کا شکار ہو چکی ہے۔ بھارتی مرکزی بینک کی رپورٹ میں بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ گھریلو بچتیں 50 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں، جبکہ شہریوں کے لیے پیشہ ورانہ ملازمتوں کا حصول مزید مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

رپورٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ مودی حکومت کی غلط پالیسیوں نے بحران کو مزید گہرا کر دیا ہے، جس سے بھارت کی معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ ماہرین نے تنبیہ کی ہے کہ مودی سرکار کو دہشت گردی کے بیانیے کے بجائے ملک کی معیشت پر توجہ دینی چاہیے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

Narendra Modi

Modi's Policy

Poverty India