Aaj News

بدھ, مارچ 26, 2025  
25 Ramadan 1446  

”ارمغان کو بار بار پھانسی دی جائے، اسے معلوم ہو کہ دوسروں پر تشدد کیسے ہوتا ہے“

کراچی میں مصطفیٰ عامرکے والدین کا سول سوسائٹی کے ساتھ احتجاج
اپ ڈیٹ 01 مارچ 2025 12:23am

مصطفٰی عامر کی والدہ کا کہنا ہے کہ ارمغان کو بار بار پھانسی دی جائے۔ اسے معلوم ہو کہ دوسروں پرتشدد کیسے ہوتا ہے۔ ڈیفنس کا ہربندہ ارمغان کو آرمی کے نام سے جانتا ہے۔

والدہ مصطفٰی عامر نے نجی ٹیوی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مصطفی کسی کی غلط بات نہیں سنتا تھا، مصطفی کے منشیات میں ملوث ہونے کا الزام غلط ہے، ہمارے اداروں کو8 سال سے ارمغان کے جرائم نظرنہیں آئے۔

وجیہ عامر نے کہا کہ ارمغان کا کہنا تھا وہ کنگ آرمی ہے، بدمعاش ہے۔ ارمغان کے والد کا بھی کہنا ہے کہ وہ جانور ہے، شیر ہے۔ جی ہاں! ارمغان بالکل جانورہے، اگرشیر ہے تو شیرکا شکار بنتا ہے۔

والدہ مصطفٰی عامر نے کہا کہ میں ارمغان کے والد یا والدہ سے بات نہیں کرنا چاہتی، ہمارا ان لوگوں سے کبھی کوئی تعلق نہیں رہا۔ ساحر حسن کا مصطفی کے قتل سے کوئی تعلق نہیں۔

وجیہ عامر نے کہا کہ سارے ادارے کہاں سو رہے تھے، ناک کے نیچے یہ کیسے ہوتا رہا، ڈیفنس کا ہربندہ ارمغان کو آرمی کے نام سے جانتا ہے۔

والدہ مصطفی عامرنے مزید کہا کہ ارمغان ایک درندہ ہے، ایسا درندہ ہزاروں میں صرف ایک ہوتا ہے، ارمغان کو بار بار پھانسی دی جائے۔ اسے معلوم ہو کہ دوسروں پرتشدد کیسے ہوتا ہے۔

مقتول مصطفیٰ کے والدین کا سول سوسائٹی کے ساتھ احتجاج

واضح رہے کہ کراچی میں مقتول مصطفیٰ عامر کے والدین نے سول سوسائٹی کے ساتھ احتجاج کیا، احتجاج میں مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔

پلے کارڈز پر مصطفیٰ کو انصاف دو، ارمغان کو پھانسی دو کے نعرے درج تھے۔

والدین کا کہنا ہے کہ صرف ایک ہی مطالبہ ہے ، ہمیں انصاف فراہم کیا جائے، ملوث ملزم ارمغان کو پھانسی کے پھندے پر لٹکا جائے۔

ملزم ارمغان کا ایک اور کارنامہ

مصطفی عامر قتل کیس کے مرکزی کردار ارمغان کا ایک اور کارنامہ سامنے آیا ہے، ملزم ارمغان سینئر صحافی ندیم احمد پر بھی فائرنگ میں ملوث نکلا۔

کرائم رپورٹرزایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ندیم احمد نے شناخت کر لیا، ملزم ارمغان نے19 نومبرکو ندیم احمد کو فائرنگ کرکے زخمی کیا تھا۔

صحافی ندیم احمد نے ملزم کی شناخت کی تفصیلات پولیس حکام کو فراہم کر دیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ارمغان کو ندیم احمد فائرنگ کیس میں شامل تفیش کریں گے۔

ارمغان کے اربوں مالیت کی دو کرپٹو کرنسی کی مائننگ مشینیں برآمد

دوسری جانب مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے گھر سے اربوں روپے سے زائد مالیت کی دو کرپٹو کرنسی کی مائننگ مشینیں برآمد ہوئی ہیں۔

تفتیشی حکام نے دعوٰی کیا ہے کہ ملزم ارمغان امریکہ میں موجود اپنے ایک رشتے دار تمام رقم کرپٹوکرنسی کے اکاؤنٹ میں بھیجتا تھا۔ برآمد دونوں مشینوں کی پاکستان میں مالیت 2 ارب روپے سے زائد ہے۔

تفتیشی حکام کے مطابق ملزم مبینہ طور پر غیر قانونی کال سینٹر کی کمائی کو امریکا میں رشتے دار کو بھیجتا تھا، ملزم کا قریبی رشتے دار امریکی ڈالر کا ڈیجیٹل اکاؤنٹ ہولڈر ہے۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کا رشتے دار تمام رقم کرپٹوکرنسی کے اکاؤنٹ میں بھیجتا تھا، مبینہ طور پر دھوکے بازی سے کمائی گئی رقم سے ملزم کرپٹوکرنسی خریدتا تھا۔

karachi

Mustafa Murder Case

Armaghan