محکمہ موسمیات نے بارش اور برفباری کے حوالے سے بڑی پیشگوئی کردی
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کردی اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ کراچی میں مطلع جزوی ابرآلود رہ سکتا ہے، پھوار اور بوندا باندی ہوسکتی ہے جبکہ تیزبارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، جبکہ بعض مقامات پر بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ دن کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش ہو سکتی ہے۔
خیبر پختونخوا
خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ملک بھر میں بارش اور برفباری، نظام درہم برہم ہونے سے سیاح پھنس گئے
صوبے کے بالائی علاقوں دیر، چترال، کوہستان، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، بٹگرام، بونیر، ایبٹ آباد، صوابی، مردان، مالاکنڈ، باجوڑ، نوشہرہ، پشاور اور چارسدہ میں دن کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
پنجاب
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
راولپنڈی، اٹک، جہلم، گجرات، چکوال، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، اوکاڑہ، قصور، بہاولنگر، بہاولپور، شیخوپورہ اور گردو نواح میں دن کے دوران چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے مزید بارش جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کی توقع ہے۔
مری، گلیات اور گردونواح میں دن کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 23 سینٹی گریڈ تک جانے کے امکانات ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کل سے دوبارہ خشک موسم شروع ہوگا اور دو مارچ کو پھر بارش کا امکان ہے۔
سندھ
سندھ صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے تاہم کراچی میں مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ مضافاتی علاقوں میں بوندا باندی اور پھوار ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بلوچستان کے راستے ملک میں داخل ہونے والے مغربی سلسلے کے زیراثر شہر میں صبح اور رات کے اوقات میں خنکی برقرار ہے۔
شہر میں جمعرات کو مسلسل دوسرے روز بھی کم سے کم پارہ 21ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29.9 ڈگری ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق جمعے کو شہر کا موسم جزوی طور پر ابرآلود رہنے کی توقع ہے جبکہ ایک طاقتور مغربی سلسلہ ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں پرمسلسل اثرانداز ہورہا ہے۔
کراچی میں مطلع ابرآلود، درجہ حرارت 31 ڈگری گریڈ تک جانے کا امکان
مزید بتایا گیا کہ کراچی کے مضافات سمیت چند ایک علاقے میں بوندا باندی اور پھوار ہوسکتی ہے تاہم تیز بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
بلوچستان
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے تاہم دن کے اوقات میں کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، قلات، ژوب، موسیٰ خیل، لورالائی، بارکھان، سبی، خضدار اور گردونواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی تو قع ہے۔
کشمیر اور گلگت
کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کی توقع ہے۔
ملک میں بارشوں کا دھواں دھار اسپیل، سردی میں اضافہ، حادثات میں 9 افراد جاں بحق
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں برفباری اور شدید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
کم سے کم درجہ حرارت
محکمہ موسمیات کے مطابق لہہ میں منفی 04، پارا چنار میں منفی 03، گوپس اور بگروٹ میں منفی 02 اور مالم جبہ میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
Comments are closed on this story.