Aaj News

پیر, مارچ 31, 2025  
01 Shawwal 1446  

ملک بھر میں بارش اور برفباری، نظام درہم برہم ہونے سے سیاح پھنس گئے

طوفانی بارش اور برفباری سے جاتی سردی ٹھہر گئی، جمرود میں پہاڑی تودہ گرنے سے ایک شخص جاں بحق
شائع 28 فروری 2025 09:53am

ملک کے کئی حصوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جہاں بارش اور شدید برف باری کے باعث سیاح پھنس گئے جبکہ جمرود میں پہاڑی تودہ گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

ملک کے کئی حصوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان میں طوفانی بارش اور پہاڑوں پر برفباری سے جاتی سردی ٹھہر گئی۔

ننکانہ صاحب، خانیوال، وہاڑی اور حجرہ شاہ مقیم سمیت رات گئے پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا اور نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا۔

مختلف اضلاع میں بارش کے ساتھ ہی کئی فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ وادی نیلم، استور اور کالام میں برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

بارش اور شدید برف باری کے باعث سیاح پھنس گئے

پنجاب، خیبرپختونخوا اور استور میں بارش اور شدید برف باری کے باعث سیاح پھنس گئے، گجرات، سرگودھا، جھنگ، ڈیرہ غازی خان، کوٹ ادو، چیچہ وطنی سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی۔

ملک میں بارشوں کا دھواں دھار اسپیل، سردی میں اضافہ، حادثات میں 9 افراد جاں بحق

شکر گڑھ، حافظ آباد، کمالیہ اور وہاڑی میں بھی بادل برسنے سے ٹھنڈ بڑھ گئی جبکہ رات اوباڑو اور گھوٹکی میں بھی بارش ہوئی، لوئردیر کے مختلف علاقوں میں بھی موسلاد ھاربارش نے جل تھل ایک کردیا۔

ادھر گلیات ، وادی نیلم اور وادی لیپا میں شدید برف باری سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے سیاح مشکلات کا شکار ہوگئے جب کہ مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔

استور میں تیسرے روز بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے اور بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہے جب کہ 3 روز سے جاری برفباری کے باعث بجلی اورپانی کی سپلائی معطل ہے۔

استور کے کئی بالائی علاقوں میں 3 سے 4 فٹ تک برف پڑچکی ہے جس سے نظام زندگی درہم برہم ہے جب کہ خچک کے مقام پر برفانی تودہ گرنے سے استور ویلی روڈ بلاک ہوگئی۔

علاوہ ازیں شدید برف باری کے باعث آزاد کشمیر کی وادی لیپا اور کیل سیری کے مقام پر پھنسے 200 کے قریب سیاحوں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے، برفانی تودے گرنے سے شاردہ تاوبٹ مرکزی شاہراہ متعدد مقامات پر بند ہوگئی۔

ملک میں بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ داخل، این ڈی ایم اے نے ایڈوائزری جاری کردی

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج بالائی خیبرپختونخوا، بلوچستان، پنجاب، خطہ پو ٹھو ہار، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے، سڑکوں پر پھسلن کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

وادی نیلم میں برفانی تودے تلے دبے 3 افراد کی لاشیں نہ نکالی جاسکیں

دوسری جانب ملک بھر میں طوفانی بارش اور برفباری تھم نہ سکی، وادی نیلم میں دبے 3 افراد کے لیے ریسکیو آپریشن روک دیا گیا، جمرود میں پہاڑی تودہ گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں رات گئے بارش، آج بھی میگھا برسنے کا امکان

بارش اور برفباری کے باعث آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ سے وادی نیلم اور وادی لیپہ کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، پیرچناسی میں پھنسے تمام سیاحوں کو ریسکیو کرلیا گیا، وادی نیلم میں برفانی تودے تلے دبے 3 افراد کی لاشیں نہ نکالی جاسکیں۔

خیبرپختونخوا میں بارش اوربرفباری سے سردی بڑھ گئی، پنجاب کے بیشتر شہروں میں جل تھل ایک ہوگیا، سکھر سمیت بالائی سندھ میں باران رحمت برس پڑی، بلوچستان کے کئی شہروں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوئی۔

خیبر پختونخوا میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے۔

پشاور، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، صوابی، دیر، چترال، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، بٹگرام، کوہستان، تورغر، مہمند، باجوڑ، کوہاٹ، ہنگو، کرک، لکی مروت، بنوں، کرم، ڈی آئی خان، ٹانک، شمالی و جنوبی وزیر ستان میں بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ روز صوبے کے بیشتر اضلاع مین بارش ہوئی، کاکول اور پٹن میں 32، بالاکوٹ میں 28 ، دیر اور مالم جبہ میں 19، سیدو شریف میں 12 اور پشاور میں 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ چترال میں 2 اور کالام میں 1 انچ برف باری ہوئی۔

پشاور کا کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ سب سے کم درجہ حرارت پارا چنار میں منفی 3 ، کالام ، دورش ، مالم جبہ اور چترال میں صفر ریکارڈ ہوا ہے۔

خیبر پختونخوا میں بارشوں سے ہونے والی جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ

ادھر خیبر پختونخوا میں بارشوں سے ہونے والی جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی گئی۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں سے مکانات کی چھتیں گرنے اور دیگر حادثات میں 2 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے، زخمیون میں 4 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں۔

بارشوں سے 10 گھروں کو نقصان پہنچا جبکہ 3 گھر مکمل تباہ اور 7 کو جزوی نقصان پہنچا، حادثات ہری پور، بٹگرام، باجوڑ ، لوئر اور اپر کوہستان، دیر، ہنگو، خیبر اور تورغر میں پیش آئے۔

پی ڈی ایم نے متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر امداد اور زخمیوں کو پہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کردیں، بارش اور برف باری کے باعث بند شاہرائیں کھولنے کے لیے اقدامات کرنے کی بھی ہدایات جاری کردی گئیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پی ڈی ایم اے، تمام ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اور امدادی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل فعال ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔

Rain

rainy weather

Rain prediction

snow fall

land sliding

Rain and Snowfall

rain predicted