Aaj News

ہفتہ, مئ 10, 2025  
12 Dhul-Qadah 1446  

پلاسٹک سرجری کی ضرورت نہیں، ’قدرت کا بوٹوکس‘ استعمال کریں اور جھریوں سے چھٹکارہ پائیں

صدیوں پرانے آزمودہ طریقے اپنائیں اور خود کو مہنگے اور نقصان دہ کیمیکل سے بچائیں
شائع 27 فروری 2025 02:20pm

خوبصورتی اور جوانی کو برقرار رکھنے کی خواہش ہمیشہ سے انسانی فطرت کا حصہ رہی ہے، لیکن آج کے دور میں مہنگے کاسمیٹک ٹریٹمنٹس اور سرجریز کے بجائے قدرتی طریقے زیادہ مقبول ہو رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر ’قدرت کا بوٹوکس‘ کے نام سے ایک نئی ٹرینڈ نے دنیا بھر میں دھوم مچا دی ہے، جس میں لوگ مہنگی کریموں اور انجیکشنز کو چھوڑ کر قدرتی اجزاء پر انحصار کر رہے ہیں۔

ٹک ٹاک پر لاکھوں فالورز رکھنے والی کیرتی تیوانی، جو ایک آیورویدک تھراپسٹ اور میک اپ آرٹسٹ ہیں، نے ایک حیرت انگیز طریقہ بتایا، وہ کیلے کے چھلکے کو چہرے پر رگڑتی ہیں۔ ان کے مطابق، کیلے کے چھلکوں میں موجود ’لٹیئن‘ نامی اینٹی آکسیڈنٹ جلد کو چمکدار، ہائیڈریٹڈ اور نرم بناتا ہے۔ حیران کن طور پر، ان کی یہ ویڈیو 2.2 ملین سے زیادہ ویوز حاصل کر چکی ہے، اور لوگ اس آسان، سستے اور قدرتی طریقے کو پسند کر رہے ہیں۔

صرف کیلے کا چھلکا ہی نہیں بلکہ دیگر کئی قدرتی اجزاء بھی ’نیچر کا بوٹوکس‘ کہلانے کے لائق ہیں مثلا،

فلیکس سیڈ یا السی کے بیج پانی میں اُبال کر ماسک کے طور پر استعمال کیا جائے تو یہ جلد کو ٹائٹ اور جھریوں کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

اورنج جوس: جلد اور بالوں کے لیے بہترین گھریلو علاج

دہی اور ایواکاڈو جلد کو ہائیڈریٹ اور نرم بنانے کے لیے بہترین ہیں۔

چاول کا پانی جلد کو چمکدار بنانے اور باریک لکیروں کو ختم کرنے میں مددگار ہے۔

تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ قدرتی اجزاء عموماً جلد کے لیے فائدہ مند ہوتے ہیں، لیکن ان کا اثر بوٹوکس جیسا نہیں ہو سکتا۔ مشہور امریکی ڈرماٹولوجسٹ ڈاکٹر منیب شاہ کے مطابق، ’بوٹوکس ایک سائنسی لحاظ سے ثابت شدہ طریقہ ہے، جبکہ ان قدرتی اجزاء پر اتنی تحقیق نہیں ہوئی کہ انہیں مکمل متبادل کہا جا سکے۔‘

تاہم، ان کا یہ بھی ماننا ہے کہ اگر جلد کو ہائیڈریٹ، نرم اور تروتازہ رکھنے کے لیے قدرتی اجزاء کا استعمال کیا جائے تو یہ ایک مثبت عادت بن سکتی ہے۔

مساج تھکاوٹ اور عمر بڑھنے کی علامات سے نجات کا صحیح طریقہ

اگرچہ سوشل میڈیا پر قدرتی اجزاء کے فوائد کے بے شمار دعوے کیے جا رہے ہیں، لیکن ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ ہر کسی کی جلد پر ایک ہی چیز یکساں اثر نہیں کرتی۔ مثال کے طور پر، لیموں جیسے تیزابی اجزاء جلد کو نقصان پہنچا سکتے ہیں، خاص طور پر اگر سن اسکرین کا استعمال نہ کیا جائے۔

مہنگی سرجری نہیں، قدرتی طریقے اپنائیں

اگر آپ مہنگے کاسمیٹک ٹریٹمنٹس اور سرجریز سے بچنا چاہتے ہیں، تو قدرتی بوٹوکس آپ کے لیے ایک بہترین آپشن ہو سکتا ہے۔ لیکن ہر نئے طریقے کو آزمانے سے پہلے اپنی جلد کی نوعیت اور حساسیت کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ قدرتی حسن کو بڑھانے کے لیے صدیوں پرانے آزمودہ طریقے اپنائیں اور خود کو مہنگے اور نقصان دہ کیمیکل سے بچائیں۔

Women

Skin care

nature’s Botox