لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق چھ افرادکی میتیں پشاورمنتقل،
لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق چھ افرادکی میتیں پشاورمنتقل ۔۔ خراب موسم کے باعث میتیں آبائی علاقے کرم پہنچائی نہ جاسکیں، آج منتقلی ہوگی ۔۔ حادثے میں خیبرپختونخوا کے سولہ افراد جان سے گئے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق 6 افراد کی میتیں باچا خان ایئرپورٹ پہنچا دی گئیں ہیں۔ کشتی حادثے میں خیبر پختونخوا کے 16 افراد شامل تھے جن میں 6 جانبحق افراد کا تعلق کرم سے تھا۔
واضح رہے کہ لیبیا کشتی حادثہ میں جاں بحق 6 پاکستانیوں کی میتیں وطن واپس پہنچیں، وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر میتیں وصول کیں۔
اس موقع پر وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ افسوسناک حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں شریک ہیں، 5 فروری کو پیش آئے سانحے نے ملک کے کئی خاندانوں کو سوگ میں ڈالا، حکومت متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ ہر سطح پر کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام ضروری انتظامات کیے ہیں کہ متوفین کے جسد خاکی ان عزیزوں تک پہنچائے جا سکیں، باقی جاں بحق افراد کی میتیں بھی جلد وطن واپس لائیں گے، زندہ بچ جانے والے 37 پاکستانیوں کی واپسی کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔
وزیرہاؤسنگ نے کہا کہ یہ وقت سبق سکھاتا ہے کہ غیرقانونی ذرائع سے یورپ جانے کی کوشش کتنی خطرناک ہوسکتی ہے۔ نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ایسے خطرناک راستے اختیار نہ کریں اور قانونی ذرائع کے ذریعے ہی بیرون ملک جانے کی کوشش کریں ۔۔
میتوں میں پاراچنار کے مصور حسین ، شعیب علی، عابد حسین، مصائب حسین اور ضلع اورکزئی سے تعلّق رکھنے والے محمد علی شاہ شامل ہیں۔
5 فروری کو لیبیا میں کشتی ڈوبنے کے واقعے میں 16 پاکستانیوں کی لاشوں کی شناخت ہو چکی تھی، جبکہ 10 پاکستانی تاحال لاپتہ ہیں۔ موسم خرابی کے باعث میتیں آج منتقل نہیں کی جا سکیں، کل ہیلی کاپٹر کے ذریعے پہنچائی جائے گی۔
Comments are closed on this story.