تمام جماعتوں سے رابطے میں ہیں، امید ہے رمضان میں ہی اتحاد بنالیں گے، بیرسٹر گوہر
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہرعلی خان نے کہا ہے کہ آرمی چیف سے سیاست پر کوئی بات نہیں ہوئی تھی، تمام جماعتوں کو ملک اور جمہوریت کی خاطر ایک ہونا ہوگا، پارلیمان میں موجود 14 جماعتوں میں سے 6 حکومت میں ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن کبھی چوری نہ ہو، اور عوام جس کو ووٹ دیں، وہی ملک میں حکومت بنائے، الیکشن میں پی ٹی آئی کو 3 کروڑ ووٹ ملے، رواں برس عمران خان جیل سے باہر آجائیں گے۔
آج ٹی وی کے پروگرام ’نیوز انسائٹ ودعامر ضیا‘ کے میزبان سے گفتگوکرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم آئین کا تحفظ اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، حکومت کا رویہ ہمارے ساتھ ہمیشہ ہی غلط رہا ہے، ہمیں پارلیمنٹ میں بھی بات کرنے کا موقع نہیں دیا جاتا، حکومت کے پاس میرٹ نہیں، وہ ہم سے ڈرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنے خطوط میں سنجیدہ معاملات کو اٹھایا ہے، ہم پاک افواج کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہیں، عمران خان نے 27 سال انصاف کیلئے جدوجہد کی ہے، بانی پی ٹی آئی آج بھی انصاف کے متلاسی ہیں۔
گوہرعلی خان نے کہا کہ امید ہے رمضان میں ہی اتحاد بنالیں گے، مولانا فضل الرحمان فی الحال ہمارے الائنس میں نہیں، یقین ہے تمام معاملات مشاورت سے مکمل ہوں گے، کل کے سیشن کے بعد پریس کانفرنس بھی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت خود جلسے کررہی ہے، ہمیں روکا جارہا ہے، ہم کوشش کریں گے کہ آل پارٹیز کانفرنس بھی ہو، تمام جماعتوں کو ملک اور جمہوریت کی خاطر ایک ہونا ہوگا، سب جماعتوں سے رابطے میں ہیں، کچھ اپوزیشن جماعتوں میں اختلافات ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم موجودہ حکومت کے مینڈیٹ کو نہیں مانتے، ہم نے الیکشن سے متعلق 74 پٹیشن دائرکی تھیں، ابھی تک فیصلہ نہیں دیا جارہا ہے، ہم ملک کی تمام چھوٹی بڑی جماعتوں کو آن بورڈ لینا چاہتے ہیں، ماہ رنگ بلوچ اورمنظور پشتین سے بھی رابطہ کریں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی نے خطوط میں اہم معاملات کو اٹھایا، کوئی سنے نہ سنے، ہم آواز اٹھاتے رہیں گے، آرمی چیف سے ملاقات میں صرف امن وامان کی صورتحال پربات ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کوعوامی پذیرائی نہیں مل رہی، عوام نے حکومت کوووٹ نہیں دیا، عوام کے دل میں زبردستی کی حکومت کی کوئی جگہ نہیں ہے۔
پی ٹی آئی سربراہ نے کہا کہ مریم نوازعوام میں جاکرعوام میں اپنا رسپانس دیکھیں، عوام کی حمایت یافتہ حکومت ہی سخت فیصلے لے سکتی ہے، لوگ اپنا سرمایہ پاکستان سے باہر لے جا رہے ہیں، جعلی حکمراں سب اچھا کا راگ الاپ رہے ہیں۔
Comments are closed on this story.