Aaj News

اتوار, مئ 04, 2025  
06 Dhul-Qadah 1446  

کولیسٹرول کنٹرول کرنے سے سالن کے ذائقے کو بڑھانے والے کری پتے کے ادویاتی فوائد جانیے

ان کے پتے ادویات میں بھی استعمال ہوتے ہیں
شائع 26 فروری 2025 11:22am

کری پتے، جنہیں میٹھا نیم بھی کہا جاتا ہے، نہ صرف کھانے کے ذائقے کو بڑھاتے ہیں بلکہ صحت کے کئی فوائد بھی فراہم کرتے ہیں۔

کیا آپ جانتے ہیں کہ ان کے پتے جڑی بوٹیوں کی ادویات میں بھی استعمال ہوتے ہیں؟ ان کے متعدد دوائی فوائد ہیں جو بالوں کے مسائل، کولیسٹرول، ہاضمے کے مسائل اور ذیابیطس کو کنٹرول کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

کری پتے کے فوائد

بالوں کے گرنے کو کنٹرول کرتے ہیں

کری پتے بالوں کے گرنے کو روکنے میں مددگار ہیں۔ یہ بالوں کے سفید ہونے کو بھی کم کرتا ہے۔ اس کے پتوں کا پیسٹ بالوں پر لگانے سے نہ صرف بال گرنا کم ہوتا ہے بلکہ خشکی بھی دور ہوتی ہے۔

مشرومز کو پکانے سے پہلے اس کے فوائد 20 گنا بڑھانے کیلئے یہ ایک کام کریں

وزن کو کنٹرول کرنے میں مدد

کری پتے میں کاربوکسائل اور الکلین خصوصیات پائی جاتی ہیں جو وزن بڑھنے کو روک کر وزن کو کنٹرول کرنے میں مدد کرتی ہیں۔ روزانہ 10-12 پتے پانی میں اُبال کر اس میں لیموں اور شہد ڈال کر پینے سے آپ کی چربی بھی کم ہو سکتی ہے اور وزن بھی کنٹرول میں رہتا ہے۔

کولیسٹرول کو کنٹرول کرتا ہے

کری پتے ایل ڈی ایل کولیسٹرول کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں اور اچھے کولیسٹرول (HDL) کو بڑھاتے ہیں۔ اس کے اینٹی آکسیڈنٹس کولیسٹرول کی آکسیڈیشن کو روک کر دل کی صحت کو بہتر بناتے ہیں۔

ہاضمے میں بہتری

کری پتوں میں امائلیز، لیپیس اور پروٹیز جیسے انزائمز ہوتے ہیں جو کھانے کو آسانی سے ہضم کرنے میں مدد کرتے ہیں۔ روزانہ 8-10 پتے کھانے سے آپ کا ہاضمہ بہتر ہو سکتا ہے۔

جلد کے لیے فائدہ مند

کری پتے وٹامن سی اور بیٹا کیروٹین سے بھرپور ہوتے ہیں جو ہماری جلد کو چمکدار بناتے ہیں اور پھنسیوں کی پریشانی کو دور کرتے ہیں۔ یہ جلد کو خوبصورت بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

کری پتے کھانے کا طریقہ

کری پتے مختلف طریقوں سے کھائے جا سکتے ہیں

آپ خالی پیٹ 8-10 پتے چبا سکتے ہیں۔

10-15 پتے پانی میں اُبال کر اس میں شہد اور لیموں کا رس ڈال کر پی سکتے ہیں۔

اس کے پتوں کی چٹنی بنا کر بھی کھا سکتے ہیں۔

سبزیوں اور دال میں تڑکا لگا کر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

کری پتے کھانے کے نقصانات

اگر آپ شوگر کے مریض ہیں تو کری پتے احتیاط سے استعمال کریں، کیونکہ ان کا زیادہ استعمال بلڈ شوگر کو کم کر سکتا ہے۔ کچھ افراد کو کری پتے کھانے سے الرجی ہو سکتی ہے، ایسی صورت میں استعمال ترک کر دینا چاہیے۔

زیادہ مقدار میں کری پتے کھانے سے پیٹ میں درد، گیس، بدہضمی، اپھارہ، اسہال یا قبض ہو سکتا ہے۔

کری پتے میں سوڈیم کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، اس لیے ان کا زیادہ استعمال بلڈ پریشر کو بڑھا سکتا ہے۔

اگر آپ اپنے بالوں میں کری پتے کا پیسٹ یا تیل لگا رہے ہیں تو احتیاط کریں، کیونکہ اس کا تیل آنکھوں میں جانے سے جلن پیدا کر سکتا ہے۔

کری پتے کا زیادہ استعمال بالوں کے گرنے کا سبب بن سکتا ہے، لہٰذا اسے محدود مقدار میں استعمال کریں۔

حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کو کری پتے زیادہ مقدار میں نہیں کھانے چاہیے۔

کری پتے کے یہ تمام فوائد اور احتیاطی تدابیر آپ کو اس جڑی بوٹی کے استعمال میں مدد فراہم کریں گے۔

صحت

دسترخوان

lifestyle